انقلاب کے بعد پاکستان کی سڑکیں سونا اگلیں گی، ڈاکٹر طاہرالقادری

لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ آج لاہور نے ریفرنڈم کے حق میں فیصلہ کر دیا ہے، میں قوم کو انقلاب کا نقشہ بتانا چاہتا ہوں، اب پاکستان میں کوئی ازم نہیں صرف قائد اعظم ازم چلے گا، انقلاب کے بعد پاکستان کی سڑکیں سونا اگلیں گی، پاکستان کو جی سیون اور بہترین اقتصادی فورم کا حصہ بنائیں گے، ہر شخص کو عزت کی روٹی ملے گی، غریبوں کا علاج مفت ہوگا، بجلی اور گیس کی قیمت نصف کر دی جائے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اتوار کی رات لاہور میں مینار پاکستان کے قریب جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

طاہرالقادری نے مزید کہا کہ ہمارے کارکنوں کو رسیاں باندھ کر گلیوں میں کھینچا گیا، آج اہم ٹھیکے غیر ملکیوں کو دیے جا رہے ہیں، پاکستانیوں کو کسی قابل نہیں سمجھا جا رہا ہے، لاہور کی صفائی کا ٹھیکہ ایک غیر ملکی کمپنی کو دے دیا گیا، انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم تو وہ ہے جس نے ایٹم بنایا۔ جنگلہ بس پر پچاس ارب روپے جھونکے گئے، اگر تیس ارب روپے پانی کے منصوبوں پر لگائے جاتے تو شہریوں کو صاف پانی میسر آ جاتا، کیا جو قوم ایٹم بم بنا سکتی ہے وہ بسیں نہیں چلا سکتی، اگر یہ مزید رہ گئے تو سارا ملک ٹھیکے پر دیدیں گے، یہ حکمران پاکستان کو ایسٹ انڈیا دور میں واپس لے جانا چاہتے ہیں، انہی پاکستانیوں پر اعتبار نہیں، ہر چھوٹا بڑا کام بیرونی کمپنیوں کو دیا جا رہا ہے تاکہ کمیشن لیا جاسکے، کیونکہ پاکستانی تو انہیں کک بیکس نہیں دینگے۔

انہوں نے کہا کہ کارکنان کو مارنے کے لیے بھارت سے زہریلی گیس خریدی گئی۔ ہم قصاص کے بغیر کبھی چین سے نہیں بیٹھیں گے، شہدا کا بدلہ صرف قصاص ہوگا، آج کا جلسہ تاریخ نہیں بلکہ تاریخ ساز ہے، اتنے کارکنان گرفتار کیے گئے کہ ہتھکڑیاں کم پڑگئیں، جیلوں میں جگہ ختم ہوگئی مگر حکمرانوں نے انھیں رہا نہیں کیا۔ شہیدوں کا معاملہ قاتلوں کی پھانسی پر ختم ہوگا، انہوں نے کہا کہ پاکستان چار بڑے اقتصاد ی زون میں گھرا ہوا ہے، ہمارے لیے بے پنا ہ مواقع موجود ہیں، صرف فائدہ اٹھانے کا سبق سیکھ لیا جائے۔ لیکن ان حکمرانوں میں اہلیت نہیں۔

ذرائع: جیو نیوز

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top