ملک کے قریہ قریہ اور نگر نگر میں دھرنے ہوں گے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری

جناح ازم کو پھیلایا جائے گا، دھرنے نے ملک میں انقلاب کا شعور بیدار کیا اور سول سوسائٹی نے انقلاب کی فکر کو اپنا لیا ہے
وی آئی پی کلچر کے خلاف بغاوت اور گو نواز گو ایک تحریک بن چکی ہے
خون کا بدلہ خون ہوگا، شہیدوں کے خون سے کبھی بھی غداری نہیں ہوگی

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے شاہراہ دستور کے دھرنے کو پورے ملک میں پھیلانے کااعلان کرتے ہوئے شرکاء کو گھروں کو جانے کی اجازت دے دی۔ ہر شہر میں دو دن کا دھرنا ہوگا اور اس کا آغاز 23 اکتوبر کو ایبٹ آباد سے ہوگا۔ 23 نومبر کو بھکر، 5 دسمبرکو سرگودھا، 14دسمبر کو سیالکوٹ اور 25 دسمبر کو کراچی میں جلسہ اور دھرنا ہوگا۔ یہ سلسلہ بعد ازاں بھی جاری رہے گا۔ جناح ازم کو پھیلایا جائے گا اور ملک کے قریہ قریہ اور نگر نگر میں دھرنے ہوں گے۔ ان خیالات کااظہا انہوں نے لاہور کے جلسے کے بعد دھرنے میں واپس آنے پر ہزاروں شرکاء دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دھرنے سے غلام مصطفی کھر، چوہدری شجاعت حسین، علامہ ناصر عباس اور ڈاکٹر رحیق عباسی نے بھی خطاب کیا۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ شاہراہ دستور کے دھرنے نے پورے ملک میں انقلاب کا شعور بیدار کیا اور سول سوسائٹی نے انقلاب کی فکر کو اپنا لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی حکومت کے قیام، احتساب اور پھر انتخابی اصلاحات کے لئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی اور انقلاب کے ایجنڈے کی تکمیل کے لئے عوام پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ ہوں گے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ اللہ نے دھرنے کے ذریعے انقلاب کو پورے ملک میں پھیلا دیا ہے۔ قوم کی سوچ میں انقلاب آ گیا ہے۔ وی آئی پی کلچر کے خلاف بغاوت اور گو نواز گو ایک تحریک بن گئی ہے۔ فیصل آباد اور لاہور کے جلسوں میں 80 فیصد عوام الناس نے شرکت کر کے ثابت کر دیا کہ اب پاکستان عوامی تحریک کا انقلاب ہر گھر میں داخل ہو چکا ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے17 جون، 23 جون، 10 اگست اور 30 اگست کے شہداء کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے قربانیوں کی عظیم داستان رقم کر کے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔ کسی کو ریمنڈ ڈیوس نہیں بننے دیں گے۔ خون کا بدلہ خون ہوگا۔ شہیدوں کے خون سے کبھی بھی غداری نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں نے ایثار اور قربانی کی جو عظیم داستان رقم کی وہ پاکستان عوامی تحریک کا سرمایہ ہے جسے میں زندگی بھر بھلا نہیں سکوں گا۔ حکومت سے مذاکرات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہماری بات نہیں مانی اور ہم نے حکومت کی بات نہیں مانی۔ جو اربوں روپے دینے لینے کی بات کرتے ہیں بے ایمان، شیطان اور دجال ہیں۔ انہوں نے میڈیا کو گواہ بنا کر کہا کہ ہمارا دامن معاہدے کے دھبے سے پاک ہے۔ دنیا بھر کی دولت جمع کر کے بھی کوئی ضمیر تو کیا میرا جوتا بھی نہیں خرید سکتا۔

انقلاب کی جدوجہد میں الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے مجاہدانہ کردار کو سراہتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کارکنوں کو کہا کہ سب کھڑے ہوکر میڈیا کو خراج تحسین پیش کریں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ انقلاب دھرنا نے عالمی ریکارد قائم کیا ہے اور اس نے انقلاب کو وہ بنیاد فراہم کر دی ہے جو ان شاء للہ غریبوں کی خوشحالی اور ملکی استحکام پر منتج ہوگی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top