پاکستان میں اب قائد اعظم ازم چلے گا، ڈاکٹر طاہرالقادری

لاہور: پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ پاکستان میں ملا ازم، انتہا پسندی، سوشل ازم اور کمیونزم چل چکے، پاکستان میں اب قائد اعظم ازم چلے گا۔

لاہور میں مینار پاکستان کے احاطے میں جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کو 7 صوبوں میں تقسیم کرنا چاہتا ہوں جس سے اختیارات اور وسائل نچلی سطح تک پہنچیں گے۔

ان کا دعوی تھا کہ 10 لاکھ سے زائد لوگ لاہور میں انقلاب کے لیے مینار پاکستان تلے جمع ہیں۔

پی اے ٹی کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے خطاب سے قبل سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ہلاک افراد کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد دھرنے کو 65 دن ہوچکے ہیں، دھرنے والوں کے صبر نے عوام کے شعور کو بیدار کر دیا، کروڑوں عوام کے اندر قربانیوں نے انقلاب کے لیے جسارت پیدا کر دی، ماڈل ٹاؤن کے شہداء کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو 17جون کے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء پر ریمنڈ ڈیوس بننے کی اجازت نہیں دی جائے گی کیونکہ ریمنڈ ڈیوس نے دھرتی کے بچے قتل کیے، حکمرانوں نے دیت لے کر فرار کرا دیا، کسی شہید کی دیت قبول نہیں ہوگی، صرف قصاص ہوگا، قصاص کے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے، ہمارے شہیدوں کا معاملہ قاتلوں کی پھانسی پر ختم ہوگا۔

پی ٹی اے کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف دور میں 7 سال پہلے بجلی فی یونٹ 3 روپے تھی جبکہ 2011 میں پیپلز پارٹی کے دور میں بجلی فی یونٹ 7 روپے ہوگئی، پاکستان میں انقلاب کے بعد قوم کو 2 سے 3 سال میں سب کو بجلی فراہم کریں گے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے مزید کہا کہ ہم قومی حکومت کے قیام کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے مگر اس سے قبل احتساب ہوگا اور پھر اصلاحات ہوں گی اور اس کے بعد انتخابات ہوں گے۔

جلسے کی تیاریاں مکمل، کارکنوں کی آمد

پاکستان عوامی تحریک کا لاہور میں میدان سج گیا ہے جہاں کارکنوں کی بڑی تعداد مینار پاکستان گراؤنڈ میں موجود ہے۔

عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کسی بھی وقت نظام گرنے کی پیشگوئی کردی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ لاہور کا جلسہ حکمرانوں کے خلاف ریفرنڈم ہے، انقلاب کا جھنڈا جلد لہرائے گا۔

جلسہ گاہ میں کارکنوں کی بہت بڑی تعداد پارٹی جھنڈے اٹھائے، نعرے لگاتی جلسے میں پہنچ گئی ہے۔ جلسے میں خواتین کی بھی بہت بڑی تعداد موجود ہے جن کے بیٹھنے کیلئے علیحدہ انتظام کیا گیا ہے۔

جلسہ گاہ میں ہرطرف پی اے ٹی کے پرچموں اور ذیلی تنظیموں کے جھنڈوں کی بہار آئی ہوئی ہے جس پر پی اے ٹی قیادت کا کہنا ہے وہ دکھانا چاہتے ہیں کہ انقلاب کا پیغام شہر شہر پہنچ چکا ہے۔

تاریخی گراؤنڈ میں ڈاکٹر طاہرالقادری کی تصاویر اور انقلابی نعروں سے وسیع اسٹیج سجایا گیا ہے اور شرکاء کے بیٹھنے کیلئے ستر ہزار سے زیادہ کرسیاں لگائی گئی ہیں۔

مینار پاکستان میں جلسے کیلئے ڈاکٹرطاہرالقادری کا قافلہ منزل کی جانب رواں دواں ہے، ڈان نیوز سے خصوصی بات چیت میں پی اے ٹی سربراہ نے لاہور جلسے میں ریکارڈ ٹوٹنے کی پیشگوئی کی اور ساتھ ہی دھرنے میں واپس جا کر جشن فتح منانے کا بھی اعلان کیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ انقلاب کا وقت قریب ہے، نظام کسی بھی وقت گرجائے گا اور انقلاب کا جھنڈا لہرائے گا۔

ذرائع: ڈان نیوز آن لائن

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top