فرسودہ نظام برقرار رہا تو کوئی سرمایہ کاری کیلئے پاکستان نہیں آئے گا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری

قائد عوامی تحریک 7 نومبر کو نیویارک، 8 نومبر کو ڈلاس اور 9 نومبر کو ہوسٹن میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کریں گے
عالمی طاقتوں کی پاکستان میں مداخلت تلخ حقیقت، وجہ کرپٹ اور نا اہل حکمران ہیں، کینیڈا میں وفود سے بات چیت

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کینیڈا میں مقیم مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے پاکستانی شہریوں کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی طاقتوں کی پاکستان میں مداخلت ایک تلخ حقیقت ہے اس کی وجہ بد عنوان اور نااہل حکمران ہیں۔ بجلی گیس کی قیمتوں میں اضافے کی ہدایات بھی بیرون ملک سے آتی ہیں۔ ہم وسائل اور اختیار میں ہر پاکستانی کو براہ راست حصہ دار بنائیں گے اور اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ ہر سطح پر ناانصافی کا خاتمہ کریں گے۔ دھرنے سے اندرون اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے سیاسی شعور میں اضافہ ہوا۔ پہلی بار دھرنے کے دباؤ کے نتیجے میں عوام کو ریلیف دینے کی باتیں ہو رہی ہیں۔ یہ فرسودہ نظام برقرار رہا تو کوئی سرمایہ کاری کیلئے پاکستان نہیں آئے گا۔ ہماری انقلابی جدوجہد اسی استحصالی نظام کے خاتمہ کیلئے ہے۔ دھرنے سے ن لیگ کے اراکین اسمبلی کو بھی زبان مل گئی وہ بھی گو نواز گو بلاک تشکیل دے رہے ہیں۔ پاکستان کے عوام اب حکمرانوں کی لاقانونیت کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ حقوق کیلئے پرامن اور موثر احتجاج کی روایت ہم نے ڈالی اسے منطقی انجام تک بھی ہم ہی پہنچائیں گے۔

انہوں نے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ خوش آئند ہے کہ بیرون ملک مقیم محب وطن پاکستانیوں نے کرپٹ اور ظالمانہ نظام کو جڑ سے اکھاڑنے کا تہیہ کر لیا ہے۔ انقلابی جدوجہد میں بیرون ملک مقیم پاکستانی دانشور، سائنسدان، انجنیئرز، ڈاکٹرز، پروفیسرز اور سول سوسائٹی کے بااثر افراد اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ وفود نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی سیاسی جدوجہد پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی جدوجہد کے نتیجے میں بہتری کی امید پیدا ہو گئی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری ہونے والے شیڈول کے مطابق ڈاکٹر محمد طاہرالقادری 7 نومبر کو نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کریں گے، 8 نومبر کو ڈلاس میں بزنس اور پروفیشنل کمیونٹی سے خطاب کریں گے جبکہ 9 نومبر کو ہیوسٹن میں ایک بہت بڑا کنونشن منعقد ہو گا جس میں امریکہ بھر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی، تاجر، صنعتکار، انجینئرز، ڈاکٹرز، سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے سرکردہ افراد شریک ہوں گے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری اپنے دورہ امریکہ کے دوران پاکستان عوامی تحریک کی اوورسیز تنظیمات کی تشکیل و بحالی، پاکستان کی سیاست میں عوامی تحریک کے فعال کردار، 10 نکاتی عوام دوست انقلابی اصلاحاتی ایجنڈا کے حوالے سے امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کو تفصیل سے آگاہ کریں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top