حضرت امام حسین علیہ السلام کے عمل سے صبر و رضا، استقامت اور قربانی کے عظیم رویوں نے جنم لیا۔ فیض الرحمن درانی

حضرت امام حسین علیہ السلام نے ظلم سے سمجھوتہ نہ کرنے کا عظیم درس دیا
غم حسین علیہ السلام امت مسلمہ کے ایمان کا حصہ ہے
صاحبزادہ فیض الرحمن درانی کا جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ غم حسین علیہ السلام امت مسلمہ کے ایمان کا حصہ ہے۔ حضرت امام حسین امن، سلامتی اور محبت کے عظیم پیکر ہیں جبکہ یزید بدی، دہشت گردی، ظلم اور استحصال کا نمائندہ تھا۔ حضرت امام حسین علیہ السلام نے ظلم سے سمجھوتہ نہ کرنے کا عظیم درس دیا، کربلا کے میدان سے حسینیت اور یزیدیت کے مثبت اور منفی دو نظریات کا اجرا ہوا اور قیامت تک یزیدی فکر کے نمائندے شکست سے دو چار ہوتے رہیں گے۔ حضرت امام حسین علیہ السلام نے یزید کی بیعت سے انکار کر کے قیامت تک کی انسانیت کو پیغام دیا کہ اصولوں پر قربان ہو جانے والا ابد تک زندہ رہتا ہے اور وقت کا آمر بظاہر جیت کر بھی ہار جاتا ہے اور قیامت تک لعنت اسکا مقدر بنا دی جاتی ہے۔ وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ یزیدنے اسلام کی تعلیمات کو مسخ کرنے کی کوشش کی جو امام حسین علیہ السلام کو گوارہ نہ ہوا اور انہوں نے اپنے خاندان کی قربانی دے کر اسلام کو ہمیشہ کیلئے زندہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کے عمل سے صبر و رضا، استقامت اور قربانی کے عظیم رویوں نے جنم لیا اور آج ساری انسانیت ان مثبت رویوں سے فیض یاب ہو رہی ہے۔ حضرت امام حسین علیہ السلام آج غیر مسلموں کیلئے بھی اتنے ہی معزز ہیں جتنے مسلمانوں کیلئے ہیں، کیونکہ انہوں نے اپنے عمل سے انسانیت کا سر فخر سے بلند کر دیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top