اسلام کی عالمگیر عظمت کی بحالی کی خاطر علماء کو عملی کردار ادا کرنا ہوگا: ہدایت رسول قادری

فیصل آباد () تحریک منہاج القرآن کے ضلعی امیر سید ہدایت رسول قادری نے کہاہے کہ دین اسلام کی عالمگیر عظمت کی بحالی کی خاطر علماء کو عملی کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہیں مادیت پرستی کے دور میں اسلاف کی یاد کو تازہ کرنا ہوگا تاکہ اسلام کا جھنڈا پوری دنیا پر پھر سے لہرا سکے۔ اسلام دین امن محبت ہے دہشت گردی، فرقہ واریت گری، فحاشی اور عریانی کا اسلام سے دور کا بھی واسطہ نہیں ہے، نبی کریم صلی اللہ علی وآلہ وسلم کی محبت جس سینے میں ہوگی وہ اس محبت کی خیرات کو پا کر نفرت کی دیواریں گرا کر محبت، امن، تحمل اور بردباری کو عام کرے گا اور رنگ و نسل کے امتیازات سے بالا تر ہوکر عالمی امن کو فروغ دے گا۔ تحریک منہاج القرآن بیداری شعور کے حوالے سے زندگی کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد تک پہنچ رہی ہے تاکہ ہرفرد اسلامی اور قومی سوچ کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے دارالعلوم نوریہ رضویہ گلبرگ اے میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

ہدایت رسول قادری نے کہا کہ جب تک ہم ذاتی مفاد کے حصار سے نکل کر قومی اور اجتماعی مفاد کی خاطر کوششیں نہیں کریں گے تب تک اسلام کا مستقبل تابناک نہیں ہوسکتا، علماء ملک میں علمی اور اخلاقی کلچر کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام نے ہر موقع پر امت کی رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیا ہے، باہمی فرقہ بندی، تفرقہ پروری اور تنگ نظری سے بالا تر ہوکر امت اتحاد اوراتفاق کی کوشش کریں موجودہ دور کی ضرورت بن چکا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top