ڈاکٹر طاہرالقادری بھکر سے لاہور اپنی رہائش گاہ پر پہنچ گئے

ڈاکٹر طاہرالقادری کے بیرون ملک علاج کے حوالے سے فیصلہ ڈاکٹرز کی حتمی رائے کے بعد ہو گا۔ خرم نواز
تحریک انصاف کے جلسے میں شرکت کے حوالے سے فیصلہ اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے کریں گے

لاہور (25 نومبر 2014) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری رات ساڑھے دس بجے بھکر سے لاہور اپنی رہائش گاہ پر پہنچے، طبیعت کی خرابی کے باعث وہ میڈیا سے بات نہ کر سکے تاہم پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پوراور ان کے ہمراہ رہنے والے ڈاکٹر زبیر نے میڈیا کو بتایا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری 1982 سے عارضہ قلب میں مبتلا ہیں انہیں حالیہ تنظیمی دورہ امریکہ کے دوران بھی ڈاکٹروں نے انجیو گرافی اور علاج کا مشورہ دیا تھا مگر انہوں نے پاکستان میں جلسوں اور دھرنوں کے شیڈول کے پیش نظر ڈاکٹرز کی ہدایات کو نظر انداز کیا اور ان کا بھکر کے 3 روزہ دورہ کے دوران بلڈ پریشر بڑھ گیا، انکی ای سی جی کی جائے گی اور ہارٹ سپیشلسٹ، ڈاکٹر ان کو ہسپتال منتقل کرنے کے حوالے سے فیصلہ کریں گے۔ خرم نواز گنڈا پور نے میڈیا نمائندوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ 30 نومبر کے تحریک انصاف کے اسلام آباد کے جلسے کے حوالے سے شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین کے ٹیلی فون آئے۔ جلسہ میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے کریں گے۔ انہوں نے بتایاکہ تحریک انصاف کے رہنما براہ راست ق لیگ، سنی اتحاد کونسل اور دیگر اتحادی جماعتوں سے رابطے کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے بیرون ملک علاج کے حوالے سے فیصلہ ڈاکٹرز کی حتمی رائے کے بعد ہو گا۔ دریں اثناء خرم نواز گنڈا پور نے پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے سابق صدر احسن رشید کی وفات پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔ مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top