ڈاکٹر طاہرالقادری کی طرف سے علامہ نواز عرفانی کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت
پاکستان کے دشمن ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کروانا چاہتے ہیں،
حکومت قاتلوں کو گرفتار کرے
موجودہ حکمرانوں کو عوام کے جان و مال کی کوئی پرواہ نہیں ہے
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے مجلس وحدت المسلمین کے رہنما علامہ نواز عرفانی کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر فرقہ وارانہ فسادات کروانا چاہتے ہیں، حکومت قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچائے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ حکمرانوں اور ان کے ذیلی اداروں کی نااہلی کے باعث دہشتگرد آسانی کے ساتھ خون کی ہولی کھیلتے ہیں اور پھر فرار ہو جاتے ہیں، انہوں نے مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ راجہ ناصر عباس سے بھی تعزیت کی اور کہا کہ تمام مسالک کے علمائے کرام مل کر دشمنوں کے ناپاک عزائم ناکام بنائینگے اور ملک میں فرقہ واریت کی آگ لگانے کی کسی کو جرات نہیں ہونے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کو عوام کے جان و مال کی کوئی پرواہ نہیں ہے، انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں کو ہدایت کی کہ وہ علامہ نواز عرفانی کی تعزیت کیلئے ان کے گھر جائیں اور لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں۔
تبصرہ