موجودہ سیاسی بحران کے ذمہ دار ہٹ دھرم حکمران ہیں۔ خرم نواز گنڈا پور

غیر جانبدار جے آئی ٹی کی تشکیل اور دھاندلی کی شفاف تحقیقات سے پتہ چلے گا قانون بالادست ہے یا چند خاندان
دھاندلی کی تحقیقات کا مطالبہ نہ مانے جانے پر تحریک انصاف احتجاج میں حق بجانب ہے۔ سیکرٹری جنرل‎PAT

لاہور (30 نومبر 2014) پاکستان عوامی تحریک کے سیکر ٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ موجودہ سیاسی بحران کے ذمہ دار ہٹ دھرم حکمران ہیں۔ غیر جانبدارجے آئی ٹی کی تشکیل اور دھاندلی کی شفاف تحقیقات سے پتہ چلے گا کہ ملک میں آئین، قانون بالادست ہے یامراعات یافتہ چند خاندان؟انہوں نے کہا کہ دھاندلی کی شفاف تحقیقات کے مطالبات تسلیم نہ کئے جانے کے بعد تحریک انصاف احتجاج کا راستہ اختیار کرنے میں حق بجانب ہے۔ حکمران یک طرفہ ٹریفک چلا رہے ہیں جو اب زیادہ دیر نہیں چلے گی۔ گذشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنان کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی نیتوں میں فتور ہے اسی لئے بحران دن بدن گہرے ہو رہے ہیں۔ ماڈل ٹاؤن، اسلام آباد کے بعد ہمارے کارکنوں پر صوبہ بھر کے تھانوں کچہریوں میں ظلم ہو رہا ہے انہیں دہشت گردی کے جھوٹے مقدمات میں گھسیٹا جا رہا ہے۔ ہم ایک ایک کارکن کے ساتھ ہونے والے ظلم اور انکے بہنے والے خون کے ہر قطرے کا حساب لیں گے حکمران جتنا چاہیں ظلم کر لیں مگر ہم غیر جانبدار‎ JITکی تشکیل کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، سیاسی اور قانونی جنگ لڑیں گے انشا ء اللہ آخری فتح حق اور انصاف کی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور وفاق کے حکمرانوں کا دامن صاف ہے تو انہیں غیر جانبدار جے آئی ٹی کے راستے کی دیوار نہیں بننا چاہیے۔ ہم جس نوع کی جے آئی ٹی کی تشکیل کا مطالبہ کر رہے ہیں وہ ریاست پاکستان کے ملازمین پر ہی مشتمل ہو گی ایسا نہیں ہے کہ ہم جے آئی ٹی میں پاکستان عوامی تحریک کے راہنماؤں کی شمولیت کا مطالبہ کر رہے ہیں، جے آئی ٹی کی تحقیقات کے بعد کیس عدالت میں جائے گا جہاں سانحہ کے تمام فریقین کو اپنا نقطہ نظر پیش کرنے کی مکمل آزادی اور قانونی حق حاصل ہو گا۔ حکمرانوں کا دامن صاف ہے اور انہیں پاکستان کی عدالتوں پر اعتماد ہے توا نہیں غیر جانبدار جے آئی ٹی کی تشکیل سے گبھرانا نہیں چاہیے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top