بینائی سے محروم افراد پر پولیس کے لاٹھی چارج سے انسانیت کا سر شرم سے جھک گیا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک

حکمران سپیشل افراد پر ظالمانہ لاٹھی چارج کا کارنامہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کروائیں
حکومتی سرپرستی میں نابینا افراد پر پولیس تشدد کی پرزور مذمت کرتے ہیں

بینائی سے محروم افراد پر پولیس کے لاٹھی چارج سے انسانیت کا سر شرم سے جھک گیا ہے۔ جعلی حکمرانوں میں ذرا سی بھی شرم ہے تو ڈوب مریں۔ حکمران معذوروں کے عالمی دن پر سپیشل افراد پر ظالمانہ لاٹھی چارج کا کارنامہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کروائیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے دعویدار حکمرانوں کے اس شرمناک عمل سے ثابت ہو گیا ہے کہ صرف قانون ہی نہیں پنجاب کے حکمران اور پولیس والے بھی اندھے ہیں۔ پولیس کے غنڈوں کے اس کارنامے نے واضح کر دیا ہے کہ اس ملک میں کرپشن اور دہشت گردی کا راج قائم ہے۔ بینائی سے محروم افراد پر حکومتی دہشت گردی پر پوری قوم بہت دکھی اور افسردہ ہے۔

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ لاہور میں حکومتی سرپرستی میں نابینا افراد پر جو پولیس تشدد کیا گیا اسکی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ معذور افراد پر پولیس کی بربریت انسانی تاریخ کے بدترین واقعات میں سے ایک ہے۔ حکمرانوں کی بے حسی کی انتہا ہے کہ اتنے بڑے سانحے پر بھی چپ سادھے بیٹھے ہیں۔ اب حسبِ روایت ایک دو پولیس افسران کو قربانی کا بکرا بناتے ہوئے معطل کر دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ معذوروں کے عالمی دن کے موقع پر بصارت سے محروم افراد پر جس طرح مظالم ڈھائے گئے ہیں وہ مہذب دنیا کے منہ پر زناٹے دار طمانچہ ہیں۔ ملک میں جنگل کا قانون ہے اور اسے لگام دینے والا کوئی نہیں۔ سیاسی، مذہبی اور سماجی تنظیمیں مصلحتوں اور مفادات سے باہر نکل کر اس ظلم کو روکنے میں موثر ترین کردار ادا کریں۔ دنیا کا ہر قانون اور ضابطہ اس روح فرسا واقعے کی شدید ترین مذمت کرتا ہے۔ افسوس جن کے ذمے ملک و ملت کی جان، مال اور عزت کی ذمہ داری تھی وہ لٹیرے بن چکے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top