علامہ محمد ہارون عباسی الازہری برطانیہ پہنچ گئے

منہاج القرآن کے ہونہار طالعبلم اور جامعۃ الازہر سے فارغ التحصیل علامہ محمد ہارون عباسی الازہری برطانیہ پہنچ گئے جہاں پر وہ منہاج القرآن مانچسٹر میں تحریکی خدمات سرانجام دیں گے۔ لندن پہنچنے پر ڈائریکٹر منہاج القرآن علامہ ذیشان بغدادی، غلام نبی، علی محمد اور دیگر احباب نے ہیتھرو ایئر پورٹ لندن میں ان کا شاندار استقبال کیا۔ علامہ محمد ہارون عباسی الازہری کی تعلیمی قابلیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے جامعۃ الازہر نے انہیں ایم فل کے لیے سکالرشپ بھی دی ہے۔

مورخہ یکم دسمبر کو علامہ ہارون عباسی الازہری کے اعزاز میں مانچسٹر کے ایک ٹاؤن چتھم ہل کے ایک ریسٹوڑنٹ میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ان کے برطانیہ پہنچنے پر ویلکم کہا گیا۔ حاجی منشاء صدر، عثمان پراچہ سیکرٹری، شہاب الدین ڈپٹی سیکرٹری، منور حسن اور آصف حبیب ملک نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جبکہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت محمد شہباز وارثی اور محمد اشفاق وارثی نے حاصل کی۔ اس موقع پر علامہ ہارون عباسی الازہری نے گفتگو کرتے ہوئے منہاج القرآن مانچسٹر کے جملہ قائدین، کارکنان اور تنظیمات کا شکریہ ادا کیا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت کے لیے خصوصی دعا کی۔ انہوں نے کارکنان کو اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ ان شاءاللہ ہم اپنے قائد کے مشن کو ہر دل کی دھڑکن بنا دیں گے، ضرورت صرف آپ کے دستو بازو کی ہے۔ علامہ ہارون عباسی کی گفتگو سے ایک مرتبہ پھر محفل میں موجود کارکنان میں یقین کی ایک نئی امید پیدا ہوگئی۔

اس موقع پر مانچسٹر کی تمام ذیلی تنظیمی چتھم ہل، آسٹن اور اولڈہم کے عہدیداران نے بھرپور شرکت کی جبکہ مرکزی ناظم علماء کونسل علامہ فرحت حسین شاہ نے خصوصی شرکت کی اور کارکنان سے تنظیمی اور تربیتی خطاب کیا۔ پروگرام کے آخر میں تمام احباب کے لیے پرتکلف کھانے کا اہتمام کیا گیا تھا۔

پروگرام کا اختتام علامہ مجددی صاحب نے دعائے خیر سے کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top