پولیس کی مدعیت میں درج کئے گئے تمام جھوٹے مقدمات اپنے انجام کو پہنچیں گے۔ پاکستان عوامی تحریک

حکومت کی طرف سے سربراہ عوامی تحریک کو جھوٹے اور شرمناک مقدمات میں ملوث کیا گیا
عوامی تحریک نے احتجاج میں شرکت کیلئے سیاسی جماعتوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو دعوت نامے بھجوا دیے
عوام 14 افراد کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا دیکھنا چاہتے ہیں۔ خرم نواز گنڈاپور

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے قائد عوامی تحریک کے حوالے سے اشتہاری قرار دیے جانے کی خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے سربراہ عوامی تحریک کو جھوٹے اور شرمناک مقدمات میں ملوث کیا گیا ہے، پولیس کی مدعیت میں درج کئے گئے یہ تمام لغو مقدمات بالآخر اپنے انجام کو پہنچیں گے اور فتح حق اور سچ کی ہو گی۔ عوام 14 افراد کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا دیکھنا چاہتے ہیں اور انتظار کر رہے ہیں کہ انکے چالان عدالتوں میں پیش ہوں اور قانون کے مطابق ان کا ٹرائل شروع ہو۔ انہوں نے کہا کہ جاتی امراء اور 90 شاہراہ پر سرکاری وسائل سے قائم میڈیا سیل سیاسی مخالفین کی کردار کشی مہم چلا رہے ہیں۔ حکمرانوں کا کوئی ہتھکنڈا پاکستان عوامی تحریک کی قیادت کو انقلاب کے ملک دوست ایجنڈے سے پیچھے نہیں ہٹا سکتا اور نہ ہی ان ہتھکنڈوں سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ماسٹر مائنڈ سزا سے بچ سکتے ہیں۔

خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ آج مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کے ذریعے 17 دسمبر سے شروع ہونے والے ملک گیر احتجاج کی تفصیلات جاری کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر احتجاج میں شرکت کیلئے سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو دعوت نامے بھجوا رہے ہیں اور اتحادی جماعتوں کے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا احتجاج سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کو انصاف دلوانے کیلئے ہے، پوری قوم سمجھتی ہے کہ ماڈل ٹاؤن میں بد ترین ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کیا گیا اور بے گناہوں کا خون بہایا گیا، جب تک شہداء کے قاتلوں کو سزا نہیں ملتی احتجاج جاری رہے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top