ڈنمارک: میدان کربلا میں سیدہ زینب کا کردار امت مسلمہ کی خواتین کے لئے مشعل راہ ہے: علامہ محمد ادریس الازہری

منہاج القرآن ویمن لیگ ڈنمارک کے زیر اہتمام 16 نومبر 2014 کو شہدائے کربلا کی یاد میں ایک عظیم الشان سالانہ کانفرنس منعقد کی گئی جس میں کوپن ہیگن کے گردونواح سے بڑی تعداد میں اہل بیت اور ذکر حسین رضی اللہ عنہ کی یاد منانے کے لئے خواتین نے شرکت کی۔ کانفرنس کا باقاعدہ آغاز آیات ربانی سے کیا گیا جس کی سعادت زینت القرآء قاری ندیم اختر اور حمد و نعت محترمہ نیلم حسین اور محترمہ فروہ حسین نے پیش کی۔ امام حسین رضی اللہ عنہ کے حضور منبقت کی سعادت محترمہ گلزار، محترمہ رحمت، محترمہ ثمیلہ قریشی، محترمہ رخسانہ افضل اور محترمہ ڈاکٹر شبانہ احمد نے حاصل کی۔

کانفرنس سے خصوصی خطاب مذہبی سکالر علامہ محمد ادریس الازہری نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ میرے جانے کے بعد میں آپ میں دو چیزیں چھوڑ کر جا رہا ہوں، ایک قرآن اور دوسری اہل بیت، ان دونوں چیزوں کو مضبوطی سے تھام کر رکھنے میں ہی ہماری نجات اور آخرت کی کامیابی ہے۔ ذکر حسین رضی اللہ عنہ ذکر مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے اور محبت حسین رضی اللہ عنہ محبت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے۔ اس موقع پر کربلا کے تاریخی پس منظر کو اجاگر کرنے کے لئے ڈینش میں محترمہ ڈاکٹر فائزہ قیوم نے خطاب کیا جس کو حاضرین نے بہت سراہا۔

علامہ محمد ادریس الازہری نے کہا کہ آقا علیہ السلام کا ارشاد گرامی ہے کہ حسین (رضی اللہ عنہ) مجھ سے ہے اور میں حسین (رضی اللہ عنہ) ہوں، جس نے حسن رضی اللہ عنہ اور حسین رضی اللہ عنہ سے محبت کی گویا اس نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کی اور جس نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کی اس نے اللہ سے محبت کی۔ موجودہ دور ظلمات میں خواتین کو اپنے اندر جذبہ سیدہ زینب رضی اللہ عنھا کو بیدار کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میدان کربلا میں خانوادہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شہادت کے بعد جس طرح سیدہ زینب رضی اللہ عنھا نے جرات مندی ہمت اور حوصلہ کی مثال قائم کی ہے وہ امت مسلمہ کی خواتین کے لئے مشعل راہ ہے۔ آج کی خواتین کو کردار سیدہ زینب رضی اللہ عنھا کا مطالعہ کرنا چاہیے، آج وقت نے ہمیں ایک ایسے دوراے پر لاکھڑا کیا ہے جہاں ایک طرف حسینی کردار ہے اور دوسری طرف یزیدی، اب ہم پر منحصر ہے کہ ہم کون سی راہ اختیار کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حضرت امام عالیٰ مقام رضی اللہ عنہ کی سیرت سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ وقت کے ظالم اور جابر حکمرانوں کے آگے سر تسلیم خم نہ کریں اور طاغوتی طاقتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں۔

منہاج ویمن لیگ اور یوتھ لیگ نے امام حسین رضی اللہ عنہ کی بارگاہ اقدس میں سلام پیش کیا۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض ڈاکٹر شبانہ احمد نے احسن انداز میں ادا کئے۔ پروگرام کی اختتامی دعا ناہید سراج نے کرائی اور آخر پر سب مہمانوں کی تواضع لنگر حسینی سے کی گئی۔

رپورٹ: ڈاکٹر شبانہ احمد (صدر سسٹرز لیگ)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top