‏دہشت گرد کو دہشت گرد نہ کہنے والا بھی دہشت گرد ہے۔ خرم نواز گنڈاپور

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے سپیکر خیبر پختونخواہ اسمبلی اسد قیصر سے پشاور میں ملاقات کی اور سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کی طرف سے سانحہ پشاور کے حوالے سے افسوس کا اظہار کیا اور معصوم بچوں کی شہادتوں کو انسانیت کے خلاف کرہ ارض کا بدترین جرم قرار دیا۔ خرم نواز گنڈاپور کی قیادت میں عوامی تحریک کے رہنماؤں کے وفد نے پشاور میں شہداء کی نماز جنازہ میں شرکت کی، لواحقین سے اظہار تعزیت اور ہسپتالوں میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت کی اور انکی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔ وفد میں ساجد بھٹی، امجد علی شاہ، سہیل احمد رضا، خالد درانی بھی ہمراہ تھے۔

خرم نواز گنڈاپور دو یوم پشاور میں گزارنے کے بعد گزشتہ روز لاہور پہنچے، انہوں نے یہاں پارٹی عہدیداروں اور اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد کو دہشت گرد نہ کہنے والا بھی دہشت گرد ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے عدالتوں اور پولیس کا خوف اور سیاست سے پاک ہونا ناگزیر ہے۔ دینی مدارس کے نصاب کو معاشرتی اور عصری تقاضوں کے مطابق ترتیب نہ دیا گیا تو انتہا پسندی ختم نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کی اکثریت اسلام اور پاکستان کی خدمت کر رہی ہے مگر کچھ گندی مچھلیاں بدنامی اور دہشت گردی کا باعث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مدارس میں تعلیم حاصل کرنے والے جب سوسائٹی کے اندر اپنے لئے باعزت روزگار کے مواقع نہیں پاتے تو پھر وہ اپنی گزر بسر اور بقا کیلئے سب کچھ کرنے پر تیار ہو جاتے ہیں۔ دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں ختم کرنے کے ساتھ ساتھ معاشرے کے اندر سے سیاسی، سماجی مظالم اور استحصال کو ختم کئے بغیر دہشت گردی ختم نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ آج وقت آ گیا ہے کہ اگر مگر کی سیاست چھوڑ کر قومی ایشوز پر دو ٹوک موقف اختیار کیا جائے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے 2010 میں 600 صفحات پر مشتمل دہشت گردی کے خلاف تفصیلی ڈاکو منٹ جاری کیا تھا مگر سیاسی حکومتوں کو اس سے استفادہ کی توفیق نہ ہوئی۔ پاکستان عوامی تحریک اور ڈاکٹر طاہرالقادری سے بڑھ کر دہشت گردی کے خلاف دوٹوک نظریہ اور کوئی نہیں رکھتا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top