دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کا آرمی چیف و دیگر ریاستی عہدیداروں کو نام خط

دہشت گردی کے ناسور کوختم کرنے میں مزید تاخیر ہوئی تو ملکی سا لمیت خطرے میں پڑ جائے گی، سربراہ عوامی تحریک
ساؤتھ پنجاب، شمالی علاقہ جات، بلوچستان اورفاٹا کی محرومی ختم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے‎
خط چاروں وزرائے اعلیٰ، گورنرز، وزارت خارجہ اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کو بھی بھجوایا گیا
ملک اسحاق کی نظر بندی کی درخواست واپس لینے والے حکمران قوم کوکیا پیغام دے رہے ہیں؟

لاہور (23 دسمبر 2014) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے تجاویز پر مبنی خط چیف آف آرمی سٹاف، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ایم آئی، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، صدر مملکت، وزیراعظم، چاروں وزرائے اعلیٰ، چاروں گورنرز، وزارت خارجہ، وزارت داخلہ کو لکھا ہے، یہ خط سربراہ عوامی تحریک کی ہدایت پر مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے ارسال کیا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے خط میں لکھا ہے کہ دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے پوری قوم کو اکٹھا کیا جائے، مزید تاخیر ہوئی تو ملکی سالمیت خطرے میں پڑ جائے گی۔

انہوں نے اپنے خط میں تجاویز دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے نام پر نہیں کام پر پابندی لگائی جائے، دہشت گرد نام بدل بدل کر دھوکہ دے رہے ہیں۔ سانحہ پشاور کے بعد دہشت گردوں اور انکے سر پرستوں کے خلاف بلا تاخیر فیصلہ کن جنگ کا اعلان کر دیا جائے۔ فرقہ واریت اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے یکساں نصاب رائج کیا جائے، دہشت گردی کی عدالتیں جو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال ہو رہی ہیں اور جن کے جج دہشت گردوں سے خوفزدہ ہیں ان تمام عدالتوں کو اور فورسز کو براہ راست فوج کے ماتحت کر دیا جائے اور عدالتیں پندرہ دن کے اندر فیصلہ سنانے کی پابند ہوں، یکساں نصاب کی تیاری کیلئے روشن خیال علماء پر مشتمل ایک بورڈ تشکیل دیا جائے، دہشت گردی اور ڈرون حملوں کے متاثرین کی معاشی، سماجی بحالی اور مکمل علاج کیلئے ایک قومی ادارہ قائم کیا جائے، پیس ایجوکیشن سنٹر قائم کئے جائیں یہ سنٹر انتہا پسندی کے خلاف آگاہی مہم چلائیں تا کہ دہشت گرد مجبور نوجوانوں کو گمراہ نہ کر سکیں اور انکی مجبوریوں سے فائدہ نہ اٹھا سکیں۔ نفرت پھیلانے والے لٹریچر کو تلف اور اسکی اشاعت اور تشہیر پر قانوناً پابندی عائد کی جائے، دہشت گردی سے متاثرہ ایریاز خیبر پختونخواہ، بلوچستان، فاٹا میں نوجوانوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جائے اور تعلیم مکمل ہونے پر روزگار دیا جائے، اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئے خصوصی گرانٹس دی جائیں۔

انہوں نے اپنے خط میں لکھا کہ غربت، معاشی عدم مساوات، بے روزگاری اور ہر طرح کی محرومی اور استحصال، دہشت گردی کے فروغ کا سبب بنتے ہیں، ان سماجی، معاشی مسائل کے تدارک پر خصوصی طور پر توجہ دی جائے، ڈاکٹر طاہرالقادری نے اپنے خط میں لکھا کہ شمالی علاقہ جات بالخصوص ساؤتھ پنجاب کی محرومیوں کے خاتمے کیلئے ہنگامی اور خصوصی اقدامات برؤے کار لائے جائیں، دہشت گردی کی ہر شکل کے خاتمے کیلئے موثر قانون سازی کی جائے اب اس حوالے سے مزید سستی مجرمانہ غفلت سمجھی جائے گی اور قوم اسے کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔ خط جاری کرنے کے بعد ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ملک اسحاق کی نظر بندی کی درخواست پنجاب حکومت نے ایک ایسے موقع پر واپس لی جب پوری قوم دہشت گردوں کے خاتمہ کیلئے پر عزم اور شدید اشتعال میں ہے، درخواست واپس لے کر حکمرانوں نے قوم کو کیا پیغام دیا؟‎

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top