شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ربیع الاول کے مبارک ماہ کے آغاز پر مسلم امہ کے نام پیغام

ماہ میلاد کا آغاز پوری مسلم دنیا کیلئے خوشی اور مسرت کا احساس لے کر آتا ہے
میلاد کا سب سے بڑا پیغام محبت، امن اور سلامتی ہے‎
ذات مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کمزور پڑنے والے تعلق کو بحال اور مضبوط کرنے کیلئے ماہ میلا د بہترین مہینہ ہے
محافل میلاد اور دعائیہ تقاریب میں سانحہ پشاور کے شہداء اور ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں‎
ماہ ربیع الاول کا چاند نظر آنے پر پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ماہ ربیع الاول شریف کے آغاز پر مسلم امہ کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میلاد کے مبارک ماہ کا آغاز پوری مسلم دنیا کیلئے خوشی اور مسرت کا احساس لے کر آتا ہے۔ اس مبارک مہینے کی خوشیوں کے آگے ہماری ذاتی اور اجتماعی خوشیاں ہیچ ہیں۔ میلاد کا سب سے بڑا پیغام محبت، امن اور سلامتی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک، تحریک منہاج القرآن کے وابستگان اور کارکنان پوری دنیا میں محافل میلاد کا انعقاد کر کے دنیا کو امن، سلامتی، محبت، برداشت اور احترام انسانیت کا پیغام دیں۔ انہوں نے کہا کہ محافل میلاد اور دعائیہ تقاریب میں سانحہ پشاور کے شہداء اور ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں، حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت سے بڑھ کر کائنات میں کوئی خوشی نہیں، ذات مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کمزور پڑنے والے تعلق کو بحال اور مضبوط کرنے کیلئے ماہ میلا د بہترین مہینہ ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ دنیا بھر میں آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کی دھوم مچانا ہر امتی کی اولین ترجیح ہونی چاہیے کیونکہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے محبت تعلیمات مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر عمل کرنے کی تحریک دیتی ہے۔ دریں اثنا ماہ ربیع الاول کا چاند نظر آنے پر تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، نماز مغرب کے بعد خصوصی نوافل ادا کئے گئے۔ مرکزی سیکرٹریٹ میں موجود افراد نے معانقہ کر کے ایک دوسرے کو ماہ ربیع الاول کا چاند نظر آنے کی مبارکباد دی۔‎

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top