چکوال: استقبال ربیع الاول کے سلسلہ میں عظیم الشان میلاد مارچ

چکوال : تحریک منہاج القرآن تحصیل چکوال کے زیراہتمام استقبال ربیع الاول کے سلسلہ میں عظیم الشان میلاد مارچ ہوا جس کی قیادت ڈاکٹر سہیل محمود جنجوعہ ضلعی ناظم تحریک منہاج القرآن، حافظ محمد خان صدر تحریک منہاج القرآن، مرکزی صدر نائب صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ محمد رضی طاہر، حاجی محمد صفدر، چوہدری ساجد حسین اعوان، توقیر اعوان، توقیر مغل، طارق محمود، محمد ارسلان قادری و دیگرنے کی۔ جلوس میں ہزاروں کی تعداد میں مردو خواتین نے شرکت کی، یہ جلوس ریسکیو 15 سے شروع ہوا جلوس میں سارے رستے عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نعتوں پر جھومتے رہے اور نعروں کے جواب دیتے رہے، جلوس کے رستے میں جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ قائم کیے گئے جہاں عوام الناس نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے استقبال کیا، جلوس جب تحصیل چوک پر پہنچا تو وہاں سٹیج سجایا گیا تھا، تلاوت قاری عبدالمجید چشتی اور نعت حمزہ برادران، حافظ عبدالقادر و دیگر نے پیش کی۔

مرکز سے تشریف لائے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے نائب صدر نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا میلاد منانا تحریک منہاج القرآن کا خاصا ہے، حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کا دم ہر سینے میں بھرنے کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کوشاں ہیں۔

قاری احمد رضا ناظم منہاج القرآن علماء کونسل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد سے ساری کائنات میں نور پھیل گیا، نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد کائنات کی سب سے بڑی نعمت ہے جس پر ہم جنتی بھی خوشیاں منائیں کم ہیں۔

اختتام پر دعا کی گئی اور شرکاء جلوس میں لنگر تقسیم کیا گیا۔ جلوس کی فول پروف سیکورٹی کے فرائض مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اور منہاج القرآن یوتھ لیگ نے احسن انداز میں کیے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top