حکومتی جے آئی ٹی سے تعاون نہ کرنے پر کارکنان کے خلاف انتقامی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ ڈاکٹر رحیق عباسی

پر امن کارکنان کو پرانے اور جھوٹے مقدمات کو بنیاد بنا کر گرفتاریاں عمل لائی جا رہی ہیں
حکومت دہشت گردی سے نبٹنے کی بجائے سیاسی انتقام لینے کیلئے عوام کو پریشان کر رہی ہے
2015 انقلاب اور حقیقی عوامی جمہوریت کا سال ہو گا، عوامی جمہوری انقلابی جدوجہد جاری رہے گی
حکمرانوں کا فن صرف لوٹ مار ہے، برادریاں اور غنڈے خریدتے ہیں، دہشت گردی کرتے ہیں

لاہور (30 دسمبر 2014) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر بنائی جانے والی جعلی حکومتی جے آئی ٹی سے تعاون نہ کرنے پر پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کے خلاف پورے ملک میں انتقامی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ گوجرانوالا، وزیر آباد، حافظ آباد، گجرات و دیگر شہروں میں پر امن کارکنان کو پرانے اور جھوٹے مقدمات کو بنیاد بنا کر گرفتاریاں عمل لائی جا رہی ہیں۔ حکومتی اوچھے ہتھکنڈ وں کی پر زور مذمت کرتے ہیں، پاکستان عوامی تحریک کے قائدین اور کارکنان کو اصولی موقف پر قائم رہنے کی سزا دی جا رہی ہے، حکمرانوں نے کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ ایسے وقت میں شروع کیا ہے جب پورا ملک زخموں سے چور چور اور دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے، سانحہ پشاور نے قوم کو مغموم کر رکھا ہے۔ ان حالات میں حکومت دہشت گردی سے نبٹنے کی بجائے سیاسی انتقام لینے کیلئے عوام کو پریشان کر رہی ہے، حکومتی اعمال قابل مذمت ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرول ورکنگ کونسل کے اجلاس سے مرکزی سیکرٹریٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر فیاض وڑائچ، جواد حامد، جی ایم ملک، ساجد بھٹی، سہیل احمد رضا، شہزاد رسول، عدنان جاوید، حاجی اسحق اور چوہدری افضل گجر بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ حکمرانوں کی نااہلیوں کی وجہ سے آج پاکستان اسلامی ہے نہ جمہوری، قوم کو فکری اور نظریاتی غلامی سے باہر نکالنا ہو گا۔ پاکستانی قوم فکری طور پر کمزور ہو چکی ہے، دہشت گردی، انتہا پسندی اور کرپشن ہر سو پھیلتی جا رہی ہے، آج غلط کو غلط کہنا ہو گا، آنکھیں بند کرنے سے کچھ نہ ہو گا، پاکستان کو بچانے کیلئے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، قوم کے سوئے ہوئے احساس کو بیدار کرنا ہو گا، پاکستان عوامی تھریک اس ملک کے عوام کو اشرافیہ کی غلامی سے نجات دلانے کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 70دن کے دھرنے نے عوام کو سیاسی و آئینی شعور دیا، حکمرانوں کے مظالم اور سیاسی و انتقامی کارروائیوں کے باوجود پاکستان عوامی تحریک کی سیاسی بیداری کی جدوجہد جاری رہے گی، ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے حکمران اقتدار پر رہنے کا اخلاقی، آئینی و سیاسی جواز کھو بیٹھے ہیں، 2015 انقلاب اور حقیقی عوامی جمہوریت کا سال ہو گا، عوامی جمہوری انقلابی جدوجہد جاری رہے گی۔ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری جلد صحت یاب ہو کرعوامی انقلاب کی قیادت کریں گے، ملک پر مسلط چند خاندانوں کے اقتدار کے خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی، کارکنان نہ ڈرنے والے ہیں نہ گھبرانے والے، انہوں نے کہاکہ حکمران سانحہ پشاور کے پیچھے چھپنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ ملک میں قانون کی کوئی پاسداری نہیں۔ پاکستان عوامی تحریک عوامی ریلے اور انقلاب کے ذریعے حکمران کی لوٹ مار ختم کرے گی، لٹیروں سے ملک کا قبضہ چھین کر اقتدار مظلوم عوام کو منتقل کریں گے، حکمران کارکنوں کو ہراساں کرنے سے باز رہیں ورنہ وہ دن قریب ہے کہ عوام کا ہاتھ ہو گا اور حکمرانوں کا گریبان۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں دو گروہ ہیں 19 کروڑ عوام محروموں اور مظلوموں کی پارٹی ہے اور چند سو گھرانے جو انتخابات میں جھرلو کے ذریعے منتخب ہوئے دوسری پارٹی ہیں، ان سیاست دانوں کا فن صرف لوٹ مار ہے، برادریاں اور غنڈے خریدتے ہیں، دہشت گردی کرتے ہیں، دھن، دھونس، دھاندلی کے ذریعے یہ ہمیشہ آگے جیت کر آتے ہیں، کارکنان ان چوروں سے نہ ڈریں اور نہ گھبرائیں جلد یہ عوام کی عدالت میں ہونگے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top