پنجاب حکومت میلاد کانفرنس روک کر اپنے سیاہ کارناموں میں مزید اضافہ نہ کرے، ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کی پریس کانفرنس

لاہور (02 جنوری 2014) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر اور عالمی میلاد کانفرنس کے سربراہ ڈاکٹر رحیق عباسی نے مینار پاکستان میں میڈیا کو پارک میں جانے سے روکنے پر احتجاجاً بیرونی گیٹ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومتی رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ پنجاب حکومت میلاد کانفرنس روک کر اپنے سیاہ کارناموں میں مزید اضافہ نہ کرے، انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے سوال کیا کہ کیا میلاد پاک کی کانفرنس کو روکنا انکی حکومت کی سرکاری پالیسی ہے؟ انہوں نے کہا کہ یہاں ہر جماعت اپنا سیاسی جلسہ کر سکتی ہے تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کا اجتماع کیوں نہیں ہو سکتا، انہوں نے کہا کہ حکومت بارود والوں کے سامنے تو ٹانگیں کانپتی ہیں اور درود والوں کے سامنے اکڑ کر کھڑی ہو جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہم حالت جنگ میں ہیں اور دہشت گردی کی آڑ میں قوم فتنہ خوارج کے شر اور فساد سے دوچار ہے، دہشت گرد چاہتے ہیں ہمارے سکول ویران ہو جائیں، لوگ ڈر اور خوف کے سائے میں مساجد میں جانا بند کر دیں، اپنے قومی اور مذہبی تہوار منانا بند کر دیں اور آہستہ آہستہ ہمارے معمولات زندگی درہم برہم ہو جائیں اور اسلام اور پاکستان کے دشمنوں کا خارجی ایجنڈا کامیاب ہو جائے۔ تحریک منہاج القرآن دہشت گردی اور فتنہ خوارج کے سر پرستوں کے مذموم اور ناپاک ارادوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اپنی حالت یہ ہے کہ جن دہشت گردوں کو عدالت نے سزائے موت سنائی انہیں پھانسی کی سزا دینے کے حوالے سے انکی ٹانگیں کانپ رہی ہیں، وزیر اعلیٰ کو متنبہ کر رہے ہیں کہ وہ سانحہ ماڈل ٹاؤن والے حالات پیدا نہ کرے، میلاد کانفرنس ہر صورت مینار پاکستان پر ہو گی، انتظامیہ نے طاقت استعمال کی تو ردعمل کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عالمی میلاد کانفرنس کی راہ میں روڑے اٹکا رہی ہے، یہ ایک خالصتاً غیر سیاسی کانفرنس ہوتی ہے جس میں ہر مکتب فکر اور مذہب کے علماء اور رہنماء شریک ہوتے ہیں، ہم نے 12دسمبر کو ڈی سی او لاہور کو تحریری اجازت نامہ کیلئے لکھا مگر تا حال ہمیں آگاہ نہیں کیا گیا، اجازت کیلئے ہماری طرف سے قانونی تقاضے پورے کئے جا چکے ہیں ہم حکومت سے کہتے ہیں کہ وہ ہر طرح کے تعصب اور سیاست سے بالا ہو کر میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کے انعقاد کیلئے انتظامی سطح پر اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، دسمبر کے مہینے میں مینار پاکستان میں متعدد اجتماعات ہو چکے ہیں حکومت کو اب بھی کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔‎

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top