پاکستان عوامی تحریک کا دوبارہ احتجاج کا اعلان

لاہور: پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف ملک بھر میں دوبارہ احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔

عوامی تحریک نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے چھ ماہ مکمل ہونے پر 17 دسمبر کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت ماڈل ٹاؤن واقعے کی تفتیش میں تاخیر کے خلاف ریلیاں اور احتجاجی مظاہرے کیے جانے تھے۔

تاہم 16 دسمبر کو سانحہ پشاور کے بعد پی اے ٹی نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی ہدایت پر 17 دسمبر کا ملک گیر احتجاج ملتوی کردیا تھا۔

پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے جاری ہونے والے ایک نئے اعلامیے میں 17 جنوری کو لاہور میں احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے۔

پی اے ٹی کا کہنا ہے کہ ان کے کارکنوں کو بھی تک انصاف نہیں ملا، یہی وجہ ہے کہ دوبارہ ملک گیر احتجاج کیا جارہا ہے۔

گذشتہ سال سترہ جون کو لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں عوامی تحریک کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان تصادم میں پی اے ٹی کے 14 کارکن شہید اور 100 زخمی ہوگئے تھے۔ جس کے بعد واقعے کی تفتیش کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دی گئی، تاہم عوامی تحریک نے اسے مسترد کردیا تھا۔

پی اے ٹی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بھی اسی احتجاج کے دوران کیا جائے گا۔

ذرائع: ڈان نیوز آن لائن

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top