جرات مند قیادت ہی پاکستان کو دہشت گردی سے نجات دلا سکتی ہے: ڈاکٹر رحیق عباسی
راولپنڈی: پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا ہے کہ فرانس نے اپنے بارہ لوگوں کی موت پر سارے یورپ کو اکٹھا کر لیا، ہمارے پچاس ہزار سے زائد لوگ دہشت گردی کا شکار ہو چکے ہیں مگر حکمران ابھی تک سکولوں کی دیواریں اونچی کر رہے ہیں۔ جرات مند قیادت ہی پاکستان کو دہشت گردی سے نجات دلا سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز چٹیاں ہٹیاں میں امام بارگاہ ابو محمد میں بم دھماکے کی جگہ کا معائنہ، لواحقین ابو رضوی، شمیم حیدر اور دیگر سے اظہار تعزیت اور شہداء کی بلندئ درجات کیلئے دعا کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے دیگر قائدین ساجد محمود بھٹی، سردار منصور خان، ملک افضل، سلطان نعیم کیانی، ملک طاہر جاوید، امجد عباسی، غلام علی اور میڈیا سیکرٹری سہیل عباسی بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر رحیق عباسی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کالعدم تنظیمات سے موجودہ حکمرانوں کے تعلقات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔ سرتاج عزیز اچھے اور برے طالبان کی تقسیم بناتے ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب اس کا انکار کرتے ہیں۔ وفاقی حکومت نے فوجی عدالت میں کیس بھیجنے کا اختیار اپنے پاس رکھ کر کچھ لوگوں کو بچانے کا راستہ بھی کھلا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مرکزی کردار ڈاکٹر توقیر شاہ کا منہ بند رکھنے کیلئے قوانین میں ترمیم کر کے غیر قانونی ترقی دی گئی اور پھر ڈبلیو ٹی او میں سفیر لگا دیا گیا۔ پاکستان عوامی تحریک ہر پلیٹ فارم پر اس تقرری کو روکنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔ حکومتی زعماء کا کہنا ہے کہ اس سے عالمی سطح پر پاکستان کی سبکی ہونے کا خدشہ ہے۔ حکمران پہلے خود غلط کام کرتے ہیں پھر چیختے ہیں کہ ہمیں کام نہیں کرنے دیا جاتا۔ ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ موجودہ ظالمانہ نظام عوام کو کچھ نہیں دے سکتا۔ اگلے ماہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی وطن واپسی کے بعد جدوجہد وہیں سے شروع کی جائے گی جہاں سلسلہ ٹوٹا تھا۔
تبصرہ