ڈنمارک: منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیرانتظام میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس

آج کے اس پرفتن دور میں جیسے جیسے امت مسلمہ کے قلوب و اذہان سے روح محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نکالنے کے لئے شیطانی حملوں میں اضافہ ہو رہا ہے ویسے ویسے الحمدللہ اپنے ھادی و آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کرنے والوں میں بھی اضافہ ہو تا جا رہا ہے اسکا ثبوت میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ایک کثیر تعداد میں شریک خواتین و یوتھ نے اپنی شرکت سے دیا۔

17 جنوری 2015 بروز ہفتہ ویمن لیگ و سسٹر لیگ منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک نے عید میلا دالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیا۔ یہ پروگرام ایک ٹیم ورک کا خصوصی نمونہ تھا جو مختلف مراکز منہاج القرآن ڈنمارک کی ویمن و سسٹرلیگ نے پیش کیا جسے بالخصوص خواتین نے بہت سراہا۔اس پروگرام میں قرات کی سعادت منہاج القرآن ڈنمارک کی طالبہ آنسہ میمونہ سراج نے حاصل کی، حمد باری تعالیٰ سسٹر لیگ کی آنسہ ہاجرہ شاہ نے پیش کی، گلدستہ عقیدت و محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم محترمہ کوکب اُپل، محترمہ نگینہ عمر کے علاوہ تینوں منہاج القرآن کے سنٹرز کی یوتھ نے دف کے ساتھ بڑے مسحور کن انداز میں پیش کئے۔ منہاج القرآن ڈنمارک سنٹر آما کی نائب صدر آنسہ سدرہ سعید نے بڑے خوبصورت انداز میں مقامی زبان ڈینش میں میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مرکزی سنٹر کوپن ہیگن کی سسٹر لیگ کی نائب صدر حمیرا فاطمہ مرزا نے اردو زبان میں خطاب کیا۔

خواتین کے مابین حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات مبارکہ سے تعلق قائم کرنے کے لئے ذہنی آزمائش کا مقابلہ کروایا گیا اور درست جوابات دینے پر خواتین میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔ جس میں خواتین نے کافی دلچسپی کا اظہار کیا اور بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اس کانفرنس کا اہم حصہ یعنی پیغام و عشق و محبت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم و پیغام تعلق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور پیغام منہاج القرآن اپنے منفرد انداز میں یورپین کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل سے ویمن و سسٹر لیگ کی کوآرڈینیٹر محترمہ سمیرا فیصل صاحبہ نے اپنے ایمان افروز خطاب میں دیا، انہوں نے کہا کہ آج کے پرفتن دور کو دیکھیں اور اسلام کو دیکھیں کہ وہ ہم سے کیا تقاضہ کر رہا ہے؟ کہ بحثیت مسلمان ہمارا اپنے آقا کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کیسا تعلق ہونا چاہیے اور تعلق کو قائم کرنے کے لئے ہمیں کیا کرنا چاہیے؟ آقا کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فیض آج پہلے سے بھی زیادہ جاری ہے ہم اس فیض کو لینے والے کس طرح بن سکتے ہیں؟ ماہ ربیع الاول میں ہم اپنے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تعلق و محبت کا اعادہ کر سکتے ہیں جس طرح اللہ اپنے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ہر وقت یاد رکھتا ہے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود و سلام بھیجتا رہتا ہے ہم پر بھی لازم ہے کہ ہم بھی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ہر وقت یاد رکھیں ان سے اپنا تعلق قائم رکھیں۔

سلام عقیدت منہاج یوتھ سسٹرز و ویمن لیگ نے پیش کیا اور منہاج القرآن ڈنمارک کی ویمن لیگ کی صدر محترمہ کنول بٹ صاحبہ نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ میلاد کانفرنس کی نقابت کے فرائض محترمہ ڈاکٹر شبانہ احمد نے احسن انداز میں سرانجام دیئے۔ دعائے خیر محترمہ ناہید سراج صاحبہ نے کی۔ پروگرام کے اختتام پر ضیافت میلاد سے مہمانوں کی خاطر تواضع کی گئی۔

رپورٹ۔ نفیس افتخار

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top