سانحہ پشاور کے بعد سانحہ شکار پور قوم کی روح پر ایک اور زخم ہے: ڈاکٹر رحیق عباسی

وکلاء برادری سے درخواست ہے فوجی عدالتوں کی مخالفت نہ کریں‎
چوہدری سرور نے شریف حکمرانوں کا اصل چہرہ قوم کے سامنے رکھ دیا، مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک

لاہور (30 جنوری 2015) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور کے بعد سانحہ شکار پور قوم کی روح پر ایک اور زخم ہے، ملک حالت جنگ میں ہے، وکلاء برادری سے درخواست ہے کہ صورتحال کی نزاکت کے پیش نظر فوجی عدالتوں کی مخالفت نہ کریں۔ نااہل اور دولت کی ہوس میں اندھے حکمرانوں کو ملک اور اس کے عوام کی تکلیفوں کا احساس ہوتا تو آج ہم یہ دن نہ دیکھ رہے ہوتے۔ دہشت گرد عوام کے جان و مال سے کھیل رہے ہیں، اسمبلیوں اور اقتدار کے ایوانوں میں سیاسی دھینگا مشتی جاری ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کیطرف سے سانحہ شکار پور کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور 50 سے زائد شہدا ء کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ اس سانحہ میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کیا جائے اور امام بارگاہ کوسیکیورٹی فراہم کرنے میں ناکام عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

انہوں نے گزشتہ روز جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں اور کارکنوں کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سابق گورنر چوہدری سرور نے شریف برادران کی نام نہاد گورننس اور انکا اصل سیاسی چہرہ قوم کے سامنے رکھ دیا ہے، جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کے بعد پلڈاٹ نے بھی سانحہ ماڈل ٹاؤن پر پنجاب حکومت پنجاب پولیس کے مجرمانہ کردار سے پردہ اٹھا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران دہشت گردی کے خاتمہ میں سنجیدہ نہیں، ان نااہل حکمرانوں کو جتنا وقت ملا اتنی زیادہ بربادی ہو گی، انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں کے قیام کا سب سے پہلے عوامی تحریک نے مطالبہ کیا کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ حکمرانوں کے دہشت گردوں سے رابطے ہیں، عام عدالتوں پر انکا اثر و رسوخ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہے۔ دہشت گردی کی عدالتوں کو ڈاکٹر طاہرالقادری کے خلاف درج جھوٹے مقدمات کی سماعت سے فرصت ملے گی تو دہشت گردوں کے خلاف کوئی کیس زیر سماعت آئے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top