عدل کے نظام اور عوامی جمہوریت کے قیام کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، ڈاکٹر طاہرالقادری

سربراہ عوامی تحریک سے مکہ معظمہ میں ق لیگ کے سنیئر رہنما اجمل وزیر کی ملاقات‎

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ عدل کے نظام اور عوامی جمہوریت کے قیام کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں، سانحہ ماڈل ٹاؤن کی قتل و غارت گری ہمارے کارکنوں کے حوصلوں کو نہیں توڑ سکی، جعلی جمہوریت اور غاصب حکمرانوں کے خلاف جدوجہد منطقی انجام تک پہنچائیں گے، ان خیالات کا اظاہر انہوں نے مکہ معظمہ میں ق لیگ کے رہنماء اجمل وزیر سے ملاقات کے دوران کیا، اجمل وزیر نے سربراہ عوامی تحریک کی خیریت دریافت اور انکی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ حکمران دہشت گردی کی جنگ کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کر رہے ہیں، اکیسویں ترمیم کو منظور ہوئے ایک ماہ مکمل ہو گیا مگر ابھی تک فوجی عدالتوں کے رولز اینڈ ریگولیشنز نہیں بنے، یہ حکمران صرف بیانات کے ذریعے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں مگرانکی یہ بھول ہے کہ یہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے اقتدار کی باقی ماندہ مدت پوری کر لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس آج بھی عوام کی محافظ کی بجائے حکمران خاندان کے باڈی گارڈ کا کردار ادا کر رہی ہے، جعلی پولیس مقابلے اور ماورائے عدالت ہلاکتوں میں اضافہ ہو گیا ہے، انہوں نے لاہور میں پولیس کی حراست میں تشدد سے 65سالہ بزرگ کی ہلاکت کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ تھانے انسانی حقوق کی خلاف وزریوں کے اڈے بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو روز قبل پولیس کے سنیئر افسران گجرات میں رات گئے جس محفل سے پکڑے گئے اس سے اندازہ ہو رہا ہے کہ ہماری پولیس کس ایکشن میں مصروف ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کو تنظیمی سطح پر پورے ملک میں آرگنائز کیا جا رہا ہے، بلدیاتی الیکشن میں بھر پور حصہ لیں گے اور انقلابی تبدیلی کی ابتدا گراس روٹ سے کریں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top