2 سو ارب کے نئے ٹیکس معاشی دہشت گردی، پارلیمنٹ زندہ انسانوں کا قبرستان ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری
بچوں کی چاکلیٹ پر بھی ٹیکس لگا دیا، معاشی شہ رگ کراچی کو دہشت گردی سے پاک کیا جائے
فوج حکمرانوں کی بگلہ بھگت سیاست پر نظر رکھے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مقدمہ فوجی عدالت میں چلایا جائے
پارٹی الیکشن کے بعد عوامی تحریک عوام کی مقبول جماعت بن کر ابھرے گی، ٹیلی فون پر گفتگو
لاہور (10 فروری 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ معاشی شہ رگ کراچی کو دہشت گردوں کے چنگل سے آزاد کروانے کیلئے ٹانگیں نہیں ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان بالخصوص کراچی کے عوام نے بہت زخم کھائے، آرمی چیف جنرل راحیل شریف اب انکے زخموں پر مرہم رکھیں، روایتی اجلاسوں کی بجائے فیصلہ کن ایکشن کا وقت آ گیا، دہشت گردی کا کینسر پورے قومی جسم کو گھن کی طرح چاٹ رہا ہے، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے فوج قوم کی آخری امید ہے، فوج شریفوں کی بگلہ بھگت سیاست پر بھی نظر رکھے یہ کسی بھی وقت کسی بھی سمت گھوم جانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ فوج دہشتگردی کے خلاف جنگ کا دائرہ پاکستان کی ہر گلی اور بازار تک بڑھائے، سانحہ ماڈل ٹاؤن، سانحہ بلدیہ ٹاؤن اور سانحہ پشاور کو ٹیسٹ کیس کے طور پر لیا جائے اور بلاتاخیر ان مقدمات کی سماعت فوجی عدالت میں کی جائے۔
گزشتہ روز مکہ معظمہ سے مرکزی میڈیا سیل سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی بیڈ گورننس اور عوام دشمن اقدامات قومی ایکشن پلان کو نقصان پہنچا رہے ہیں، دو سو ارب کے نئے ٹیکس حکومت کی معاشی دہشت گردی اور عوام دشمنی ہے، ظالموں نے بچوں کے کھانے کی چاکلیٹ پر بھی ٹیکس لگا دیا۔ پارلیمنٹ زندہ انسانوں کا قبرستان بن چکی ورنہ حکومت کو عوام کی کھال اتارنے کی کھلی چھوٹ نہ ملتی۔ تیل کی قیمتوں میں ملنے والا عالمی ریلیف جی ایس ٹی کو 17 سے 27 فیصد تک بڑھا کر چھین لیا گیا۔ ملک میں آئی ایم ایف کا سکہ چل رہا ہے، بیرونی قرضوں کے بوجھ میں اضافہ ہی حکمرانوں کی واحد معاشی پالیسی ہے، ملک میں قانون اور آئین کی حکمرانی ہوتی تو بجٹ کے بعد ہر مہینے منی بجٹ نہ آتے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری کے باعث پڑھے لکھے نوجوانوں میں انتہا پسندانہ خیالات جنم لے رہے ہیں اور حکمران اپنی عوام دشمن حرکتوں کے باعث جلتی پر تیل گرا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن موجودہ حکمرانوں کے چہرے پر ایک سیاہ داغ ہے، جب تک سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کو انصاف نہیں ملتا ریاستی دہشت گردی کا باب بند نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کا ہر سطح کا عہدیدار منتخب ہو گا اس حوالے سے پارٹی کے اندر انتخابی عمل زور و شور سے جاری ہے۔ انتخابات کے بعد عوامی تحریک ایک مقبول ترین عوامی جماعت بن کر ابھرے گی۔
تبصرہ