برطانوی مسیحی وفد کی تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ آمد

برطانوی مسیحی وفد بشپ آف بریڈ فورڈ ریورڈ ڈیوڈ جیمز کی قیادت میں گزشتہ روز تحریک منہا ج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ آیا۔ اس 9 رکنی وفد میں سیکرٹری آف انٹر فیتھ ریلیشنز ریوڈ گھئی ویکنیسن بھی شامل تھے۔ جنہوں نے تحریک منہاج القرآن کے امیر تحریک مسکین فیض الرحمن درانی اور نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض سے ملاقات کی، اس موقع پر نائب امیر تحریک بریگیڈیر (ر) اقبال احمد، خان کرنل (ر) محمد احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر امور خارجہ شکیل احمد طاہر، میاں محمد اشتیاق، ناظمہ ویمن لیگ فرح ناز اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی نے مسیحی وفد کو تحریک منہاج القرآن کی عالمی سطح پر خدمات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں عالمی امن کے قیام، انسانی حقوق کی بحالی اور فروغ تعلیم کے ذریعے عوامی شعور بیدار کر رہی ہے۔

اس موقع پر بشپ آف بریڈ فورڈ ریورڈ جیمز نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی عالمی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ بانی تحریک منہاج القرآن نے اسلام کو ایک پر امن اور روشن خیال مذہب کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کیا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہمیشہ عالمی بھائی چارے کے فروغ اور انسانی حقوق کی بحالی کیلئے آواز بلند کی ہے۔ عالمی سطح پر انکی یہ کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے مذید کہا کہ مسلم کرسچین ڈائیلاگ فورم کے قیام سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بین المذاہب اتحاد و یکجہتی کی روشن مثال قائم کی ہے۔ مسیحی دنیا انکے اس کام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ آخر میں مسیحی وفد کو تحریک منہاج القرآن کے جملہ فورمز اور شعبہ جات کا وزٹ بھی کروایا گیا۔ تمام شعبہ جات کو انہوں نے نہایت دل چسپی سے دیکھا اور منظم تنظیمی کام پر خوشی کا اظہار کیا۔ نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض اور کرنل (ر) محمد احمد نے معزز مہمانوں کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی انگریزی کتب کا تحفہ بھی پیش کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top