سانحہ ماڈل ٹاؤن کا کیس فوجی عدالت چلانے کے عمران کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ ڈاکٹر رحیق عباسی

فوجی عدالت جو بھی فیصلہ کرے گی منظور ہو گا، ڈاکٹر رحیق احمد عباسی
دہشتگردوں کوحسب نسب کی پرواہ کئے بغیر تختہ دار پر لٹکایا جائے، صدر عوامی تحریک

پاکستان عوامی تحریک کے صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا کیس فوجی عدالت میں چلائے جانے کے حوالے سے عمران خان کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ موجودہ حکمران سانحہ کے براہ راست ذمہ دار ہیں، فوجی عدالت جو بھی فیصلہ کرے گی منظور ہو گا۔ موجودہ حکمرانوں سے انصاف ملنے کی توقع نہیں، بلدیہ ٹاؤن کراچی سانحہ کے ذمہ داروں کو تختہ دار پر لٹکانے میں کوئی تاخیر نہ کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رینالہ خورد، اوکاڑہ، وہاڑی کے تنظیمی عہدیداروں کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت دہشت گردی کے خاتمہ کے نام پر دہشت گردی کر رہی ہے، لاؤڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کے نام پر دھڑا دھڑ مقدمات قائم کئے جا رہے ہیں اور ایک منصوبہ بندی کے تحت قانون اور امن پسند شہریوں کو احتجاج پر اکسایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ ٹاؤن میں انسان مرے کوئی کیڑے مکوڑے نہیں، یہ سانحہ سیاست کی بھینٹ نہیں چڑھنا چاہیے، بے گناہوں کو جلانے والے دہشتگرد ہیں ان کے حسب نسب کی پرواہ کئے بغیر انہیں تختہ دار پر لٹکایا جائے، دہشت گردوں کا نہ کوئی مذہب ہوتا ہے اور نہ کوئی جماعت۔ اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ مارچ کا سیاسی نقشہ کچھ اور ہو گا، موجودہ حکمرانوں نے عوام کو دکھ اور مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا، انشا اللہ ڈاکٹر طاہر القادری صحت یاب ہو کر مارچ میں پاکستان آ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے ساتھ رابطے میں ہیں، ظلم کے نظام کو بدلنے اور قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے پوری قوم کوایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا ہو گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top