ڈاکٹر طاہرالقادری کی 64ویں سالگرہ دنیا بھر میں سادگی کے ساتھ منائی گئی، سیاسی و سماجی رہنماوں کیطرف سے نیک تمناؤں کا اظہار

الطاف حسین، چودھری شجاعت، سراج الحق، سردار لطیف کھوسہ، صاحبزادہ حامد رضا، غنویٰ بھٹو، چودھری سرور، غلام مصطفی کھر کی طرف سے ڈاکٹر طاہرالقادری کیلئے 64ویں سالگرہ پر نیک تمناؤں کا اظہار

لاہور (19 فروری 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی 64ویں سالگرہ کے موقع پر ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین، ق لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین، پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سردار لطیف کھوسہ، مجلس وحدت المسلمین کے صدر راجہ ناصر عباس، سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا، پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) کی چیئر پرسن غنویٰ بھٹو، سابق گورنر پنجاب غلام مصطفی کھر، سابق گورنر پنجاب چودھری سرور، سردار آصف احمد علی نے انہیں 64ویں سالگرہ پر مبارکباد دی ہے اور نیک تمناؤں کا اظہار اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے، ایم کیو ایم کے صوبائی صدر عامر بلوچ نے الطاف حسین کی طرف سے مرکزی سیکرٹریٹ میں کیک لیکر آئے، غلام مصطفی کھر نے یہ شعر پڑھ کر انہیں مبارکباد دی کہ ’’تم سلامت رہو ہزار برس، ہر برس کے دن ہوں پچاس ہزار‘‘ سردار لطیف خان کھوسہ نے کہا کہ ہم ڈاکٹر طاہرالقادری کی صحت یابی کے ساتھ ساتھ ان کی جلد وطن واپسی اور قومی سیاسی کردار کی ادائیگی کیلئے دعا گو اور خواہشمند ہیں۔ رہنماؤں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں پھولوں کے گلدستے اور کیک بھجوا کر نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کی 64ویں سالگرہ سادگی کے ساتھ منائی گئی منہاج القرآن اور عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں عہدیداروں اور کارکنوں کی طرف سے 24 بکروں کا صدقہ دیا گیا اور خصوصی دعائیہ تقاریب منعقد کی گئیں، منہاج القرآن کے زیراہتمام چلنے والے تعلیمی ادارے، کالجز اور یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات کی طرف سے خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا گیا اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے ان کی علمی، فکری اور تحقیقی کاوشوں پر زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔

سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کے یوم پیدائش کو ہر سال پاکستان سمیت دنیا بھر میں تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام شان و شوکت کے ساتھ منایا جاتا ہے تاہم رواں سال سربراہ عوامی تحریک نے سانحہ شکار پور، سانحہ پشاور آرمی پبلک سکول اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کی وجہ سے سادگی اختیار کرنے کی ہدایت کی تھی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top