اسلام آباد: فیڈرل منہاجینز فورم کے زیراہتمام قائد ڈے تقریب
فیڈرل منہاجینز فورم اسلام آباد کے زیراہتمام ڈاکٹر طاہرالقادری کے 64 ویں یوم پیدائش کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت اعجاز سدوزئی نے کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر ارشد حمید تھے، علاوہ ازیں سینیئر نائب صدر ساجد حسین، نائب صدر فیڈرل منہاجینز فورم نجم الثاقب، جنرل سیکرٹری محمد حفیظ کیانی، ارشد محمود، ظل حسین قادری، حافظ مبشر اکرم، طاہر محمود، بدرالاسلام، بابر عزیز اور دیگر بھی شریک تھے۔
نائب صدر نجم الثاقب نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے عالمی سطح پر اسلام کی حقیقی ترجمانی کر کے مسلمانوں پر دہشت گردی کے لگنے والے الزام کے خاتمے اور اسلام کے امن پسند ہونے کو اجاگر کیا ہے اور دنیا پر واضح کیا ہے کہ مسلمان دہشت گرد نہیں بلکہ امن پسند ہیں۔
سینئر نائب صدر ساجد حسین نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے عالمی سطح پر خدمات سرانجام دینے اور اسلام اور پاکستان کا مورال بلند کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں عوام کو آئین و قانون کا شعور دے کر ایک نیا ولولہ اور جذبہ پیدا کیا ہے۔
جنرل سیکرٹری محمد حفیظ کیانی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی جدوجہد غریبوں کا مقدر بدلنے کے لئے ہے۔ ملک کے ہر طبقے کو پاکستان عوامی تحریک کا حصہ بن کر وطن عزیز سے ظلم، ناانصافی، بے روزگاری اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے اسلام آباد کے ہر درد مند شہری سے اپیل کی ہے کہ پاکستان بچانے کے لئے وہ پاکستان عوامی تحریک کا حصہ بنے۔
اس موقع پر سانحہ ماڈل ٹاؤن، آرمی پبلک سکول پشاور، شکارپور، پولیس لائن لاہور، حیات آباد پشاور اور شکریال اسلام آباد میں خود کش حملوں میں شہید ہونے والوں کی بلندی درجات اور ڈاکٹر طاہرالقادری کی جلد صحت یابی اور درازئ عمر کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔
تبصرہ