وزیر اعظم دو ٹوک انداز میں بتائیں کونسا ملک دہشت گردی کروا رہا ہے، خرم نواز گنڈا پور

اب ظالموں قاتلوں کے خلاف ایسا احتجاج ہو گا کہ وہ جوتے چھوڑ کر ایوانوں سے بھاگیں گے‎

لاہور (23 فروری 2015) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ وزیر اعظم دو ٹوک انداز میں قوم کو بتائیں کہ کونسا ملک پاکستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے اور اگر ثبوت ہیں تو پھر انہیں جیب میں رکھنے کی بجائے اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی فورمز پر پیش کیے جائیں 50 ہزار سے زائد شہری دہشتگردی کا نشانہ بن چکے، مزید کس تباہی کا انتظار ہے، گذشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں مختلف وفود اور پارٹی عہدیداران سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنی ناکامی اور نا اہلی کو چھپانے کیلئے ہمسایہ ممالک پر الزام تراشی کرنے کا سیاسی راگ پرانا ہو چکا ہے۔ اگر کوئی ملک دہشتگردی میں ملوث ہے تو پھر تنخواہوں اور مراعات کی مد میں اربوں روپیہ استعمال کرنے والی ایجنسیاں کس مرض کی دوا ہیں۔ انہوں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اپنی ’’بغل بچہ‘‘ جے آئی ٹی پر پیسہ اور وقت برباد کر رہی ہے اس سے کلین چٹ حاصل کرنے کا خواب پورا نہیں ہو گا۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر انصاف کیسے حاصل کرنا ہے اسکی حکمت عملی طے کر لی ہے اب کی بار ایسا احتجاج ہو گا کہ قاتل اور ظالم جوتے چھوڑ کر اقتدار کے ایوانوں سے بھاگیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان میں سانحہ ماڈل ٹاؤن پر عوام کی احتجاجی ریلی ظالم حکمرانوں کے خلاف ریفرنڈم تھی۔ آئیندہ کی احتجاجی ریلیوں کے شیڈول کا اعلان جلد ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی ایکشن پلان فی الحال آئمہ مساجد اور لاؤڈ سپیکروں کے خلاف ان ایکشن ہے۔ دہشتگردوں کے خاتمے کی جنگ کے حوالے سے اگر حکمرانوں نے دوہرے معیار ترک نہ کئے تو پھر خوفناک عوامی ایکشن آئے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top