فیصل آباد: پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام عظیم الشان عوامی فیملی میلہ

پاکستان عوامی تحریک ضلع فیصل آباد کے زیر اہتمام مورخہ 25 فروری 2015ء کو عظیم الشان تاریخی عوامی فیملی میلہ فیصل آباد کے مقامی کلب میں انعقاد پذیر ہوا، جس میں تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور نے خصوصی شرکت کی جبکہ میلے کی صدارت پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر چوہدری بشارت عزیز جسپال نے کی۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا کرپٹ، فرسودہ سیاسی نظام زمین بوس ہونے کو ہے، پاکستانی قوم گرتی ہوئی دیوار کو ایک دھکا اور دینے کے لئے قائد انقلاب ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ساتھ دے۔ ڈاکٹر قادری مارچ کے مہینے میں پاکستان آ رہے ہیں اور انقلابی جدوجہد جہاں سے ختم کی تھی وہیں سے شروع کرے گے۔ انہوں نے کہا کہ انقلابی جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک غریب کے چہرے پر مسکراہٹ نہیں آ جاتی اور یہ غریب کش نظام سمندر برد نہیں ہو جاتا۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستانی قوم خاموش تماشائی بننے کی بجائے اپنے گھروں سے نکلے اور اپنے حقوق کی بازیابی کے لئے اس ظالم نظام سے ٹکر لے۔

تقریب سے سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور، جنرل سیکرٹری عوامی تحریک پنجاب فیاض احمد وڑائچ، ضلعی صدر رانا طاہر سلیم خاں، سید ہدایت رسول قادری، میاں عبدالقادر، میاں کاشف محمود، چوہدری ناصر حبیب ایڈووکیٹ، ڈاکٹر روبینہ رشید، باجی فرحت دلبر، سفیرا خاں ایڈووکیٹ، میاں ظہور احمد، رانا نثار احمد شہزاد، ملک سرفراز قادری، غلام محمد قادری نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ان احباب کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن حکمرانوں کے گلے کا پھندا بنے گا، ہم کسی طرح بھی سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کو بھلا نہیں سکتے۔ وہ انقلاب کے پہلے شہید ہیں، ان کا خون ہم پر قرض ہے اور حکمرانوں کی گردن پر پھانسی کا پھندا ہے، یہ گردنیں ایک دن پھانسی کے پھندے پر ہوں گی۔

عوامی فیملی میلے میں پاکستان کے نامور فنکاروں اور گلوکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ پیش کیا۔ میلے میں ایک ہزار سے زائد فیملیوں نے قائد انقلاب کی سالگرہ کے کیک کاٹے۔ میلے میں جھولے، جھومر، قوالی، ملی نغمیں، کھانے پینے کے اسٹال، کتابوں اور سی ڈیز کے سٹال بھی لگائے گئے۔ فیصل آباد کے شہریوں نے پاکستان عوامی تحریک کے عوامی فیملی میلے کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور ہزاروں کی تعداد میں مردوخواتین، بچے، عام شہری اس میلے میں شریک ہوئے۔ عام شہریوں کا یہ کہنا تھا دہشت گردی، مہنگائی اور پریشان حالات میں عوامی تحریک نے عوامی میلے کا انعقاد کر کے لوگوں کیلئے خوشی کا سامان مہیا کیا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top