طبقاتی نظام تعلیم اور امتیازی نصاب بھی دہشتگردی کے فروغ کی ایک بڑی وجہ ہے: ہدایت رسول قادری

مورخہ: 03 مارچ 2015ء

فیصل آباد (03 مارچ 2015ء) مصطفوی سٹوڈنٹ موومنٹ کے زیراہتمام منعقدہ امن سیمینار سے تحریک منہاج القرآن کے ضلعی امیر سید ہدایت رسول قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یکساں نصاب تعلیم کو قومی ایکشن پلان کا حصہ بنایا جائے کیونکہ طبقاتی نظام تعلیم اور امتیازی نصاب بھی دہشتگردی کے فروغ کی ایک بڑی وجہ ہے، نوجوانوں کی ترقی کیلئے دعوے بہت کیے جاتے ہیں مگر عملاً سول ایڈمنسٹریشن کچھ نہیں کرتی۔

سیمینار سے مرکزی ناظم تنظیمات انجینئر محمد رفیق نجم، میاں کاشف محمود اور رانا طاہر سلیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مصطفوی انقلاب کے لیے نوجوانوں نے ہمیشہ قربانیاں دیں اور آئندہ بھی دینگے۔ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری نے نوجوانوں کو تعلیم اور امن کے فروغ کا پیغام اور تربیت دی، یہی وجہ ہے کہ آج تک ایم ایس ایم کے طلبہ کی وجہ سے کسی کالج کا نظم و نسق خراب نہیں ہوا اور نہ ہی تعلیمی سرگرمیوں میں رخنہ پڑا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو نظر انداز کرنے کا نتیجہ ہے کہ آج دہشتگردی کا ناسور پورے قومی جسم کو گھن کی طرح چاٹ رہا ہے۔

بیدار بخت نے کہا کہ میرٹ کے خلاف داخلوں سے لیکر نوکریوں تک نے پورے سماجی ڈھانچے کو تباہ و برباد کردیا، جب کسی اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان کو میرٹ پر نوکری نہیں ملتی تو وہ انتہا پسندوں کے ہتھے چڑھ جاتا ہے مگر سماجی ٹوٹ پھوٹ کا کسی نام نہاد جمہوری حکومت نے نوٹس نہیں لیا، اس کا نتیجہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے اور پورا ملک دہشت گردی کی آگ میں جل رہا ہے۔ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمہ کی جنگ فوج نے شروع کی اس لیے قوم فوج کے ساتھ ہے۔ جمہوری حکومت بادل نخواستہ اس جنگ میں شامل ہے تاہم فوج جمہوری حکمرانوں کی درپردہ سازشوں پر نظر رکھے۔

سیمینارمیں، عزیز الحسن اعوان، محمد عامر حسین، آصف عزیز، حمایت رسول شاہ، غلام محمد قادری، رانا کرامت علی، ملک سرفراز قادری، سہیل مقصود، طارق محمود اور محمد صدیق قادری بھی موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top