ڈیرہ بگٹی (بلوچستان): تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام ’’میلاد مصطفی (ص)‘‘ کانفرنس

مورخہ: 08 مارچ 2015ء

تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی میں میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں عوام الناس کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ محفل کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ عبدالجبار نے حاصل کی، جبکہ مقامی نعت خواں حضرات حاجی فیض محمد حسینی، مظہرالاسلام، غلام اکبرعطاری اور محمد اشرف حسینی نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ نقابت کے فرائض معروف عالم دین علامہ محمد ارشد سعیدی نے سرانجام دیے۔ کانفرنس سے علامہ مفتی ممتاز حسین صدیقی ناظم منہاج القرآن علماء کونسل لاہور نے خصوصی خطاب کیا، جبکہ لاہور سے آئے ہوئے معروف نعت خواں محمد شکیل قادری نے بارگاہ رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔

مرکزی جامع مسجد گلزار مدینہ سوئی گیس فیلڈ میں منعقدہ اس عظیم میلاد کانفرنس کی صدارت معروف عالمِ دین علامہ منظور احمد عباسی الحسینی نے کی۔ علاوہ ازیں مقامی تنظیم کی خصوصی دعوت پر مرکزی سیکرٹری کوآرڈینیشن تنظیمات محمد طیب ضیاء نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ سیف اللہ بھنگر (زونل ناظم تحریک سکھر)نے اس عظیم میلاد کانفرنس میں صوبہ سندھ کی نمائندگی کی۔ اس کے علاوہ مقامی علماء و مشائخ، قبائلی شخصیات اور عوام الناس کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس کے کامیاب انعقاد میں منہاج القرآن یوتھ لیگ سوئی کے صدر جناب گل گوہر بگٹی کی شبانہ روز کاوشوں اور انتہائی اعلیٰ ترین انتظامی صلاحیتوں نے اہم کردار ادا کیا۔ جس میں انہیں خالد محمود سومرو (سیکرٹری جنرل منہاج القرآن یوتھ لیگ سوئی) اور محمد یونس بگٹی کی معاونت حاصل رہی۔

محترم سیف اللہ بھنگر نے اپنے خطاب میں عظیم الشان میلاد کانفرنس منعقد کرنے پر تحریک منہاج القرآن سوئی کے صدر حاجی محمد عارف اور منہاج القرآن یوتھ لیگ سوئی کے صدر گل گوہر بگٹی اور تحریک کے جملہ کارکنان وعہدیداران کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔

مرکزی سیکرٹری کوآرڈینیشن تنظیمات محمد طیب ضیاء نے اپنے خطاب میں تحریک منہاج القرآن کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔

کانفرنس سے علامہ مفتی ممتاز حسین صدیقی نے قرآنی آیات کی روشنی میں حضور سرور کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اخلاق حسنہ اور سیرت طیبہ کے مختلف گوشوں پہ انتہائی جامع اور مدلّل گفتگو کی۔

کانفرنس کا اختتام صلوۃ و سلام سے ہوا، جس کے بعد ملک وقوم کی سلامتی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت و سلامتی اور درازیِ عمر کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ کانفرنس کے انعقاد کے بعد منہاج القرآن یوتھ لیگ سوئی کے ناظمِ مالیات عاشق حسین نوشاہی نے معزز مہمانانِ گرامی کے اعزاز میں انتہائی پر تکلف عشائیہ دیا، جس میں علاقے کے معززین اور تحریک کے جملہ قائدین بھی شریک ہوئے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top