پاکستان میں نظام کی تبدیلی کے ساتھ خطہ کشمیر کے سیاسی کلچر کی تبدیلی کا بیڑا عوامی تحریک نے اٹھایا ہے: سردار منصور خان

مورخہ: 14 مارچ 2015ء

میرپور کے ضمنی الیکشن اور آئندہ ہونے والے انتخابات میں جموں کشمیر عوامی تحریک کلیدی کردار ادا کرے گی

پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار منصور خان نے کہا ہے کہ ملکی سیاست پر قابض مقتدر جماعتیں قوم کو مسلسل بے وقوف بنانے اور غیرت و حمیت کا سودا کرنے میں مصروف عمل ہیں۔ سینٹ الیکشن نے ثابت کر دیا ہے کہ نااہل سیاستدانوں کی ترجیح قومی مفاد کو ذاتی مفادات پر قربان کرنا ہے، اگر وہ اس کوشش کا عشر عشیر بھی ملک و قوم کو سنوارے کیلئے کرتے تو آج قوم اس حال تک نہ پہنچتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز آزاد کشمیر کے دورے سے واپسی پر اسلام آباد میڈیا سیل کے انچارج مصطفی خان، میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان، منظور ملک، شمریز اعوان، قاری منہاس، اختر راجہ، ایاز صابر اور دیگر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جموں کشمیر عوامی تحریک کے آرگنائزر سردار اعجاز احمد سدوزئی، سردار افتخار فاروقی، سردار نجم الثاقب بھی ان کے ہمراہ تھے۔

سردار منصور خان نے کہا کہ پاکستان میں نظام کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ خطہ کشمیر کے سیاسی کلچر کی تبدیلی کا بیڑا عوامی تحریک نے اٹھایا ہے، جس کے لئے مختلف ہم خیال جماعتون سے رابطے کئے جا رہے ہیں، میرپور میں ہونے والے ضمنی الیکشن اور آئندہ ہونے والے انتخابات میں جموں کشمیر عوامی تحریک کلیدی کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی عوام نے لانی ہے اور اس کا فیصلہ وہ جلدی کر لیں کیونکہ قوم پہلے ہی 67 سال ضائع کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو سمجھنا ہو گا کہ سیاسی جماعتیں عوام کیلئے نہیں بلکہ عوام سے سیاست کر رہی ہیں۔ پارلیمنٹ عوام کی خوشحالی اور ملکی استحکام کیلئے قانون سازی کرنے کی بجائے اراکین اسمبلی اور ایلیٹ کلاس کی مراعات بڑھانے میں مصروف ہے۔ قومی وقار اور ملکی مفادات کو ذاتی منفعت اور چند روزہ اقتدار پر قربان کرنے کی روش انتہا کو پہنچ چکی ہے۔ سینیٹ میں جس طرح اراکین کی خرید و فروخت ہوئی یہ منظر تو عیدالاضحیٰ پر بکرا منڈیوں پر بھی دیکھنے کو نہیں ملتا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top