ڈاکٹر حسن محی الدین کی زیرصدارت بزم منہاج کے زیراہتمام منعقدہ انٹر کالجز مقابلوں کی تقریب سے رہنماؤں کا خطاب

مورخہ: 19 مارچ 2015ء

اگلی باری الطاف کی حمایت کا اعلان کرنے والے کی ہے، آخری نواز شریف کی ہوگی: شیخ رشید
قومی کردار نام کی کوئی چیز ہوتی تو آج ڈاکٹر طاہرالقادری اور عمران خان اقتدار میں ہوتے
بزم منہاج کی تقریب سے سابق گورنر غلام مصطفی کھر، فرید پراچہ، خرم نواز گنڈاپور کا خطاب
شیخ رشید بادشاہ آدمی ہیں، آپریشن کا فیصلہ قومی قیادت نے کیا: قمر الزمان کائرہ

لاہور (19 مارچ 2015) تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین القادری کی زیر صدارت بزم منہاج کے زیراہتمام منعقدہ آل پاکستان انٹر کالجز تقریری مقابلہ جات کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ قومی کردار نام کی کوئی چیز ہوتی تو ڈاکٹر طاہرالقادری اور عمران خان آج اقتدار میں ہوتے۔ اگلی باری الطاف حسین کی حمایت کا اعلان کرنے والے کی ہے اور آخری میاں نواز شریف کی ہو گی جنہوں نے گاجریں کھائیں، صرف ان کے پیٹ میں درد ہے تاہم فوج کے پاس درد کی پھکی بھی ہے۔ بزم منہاج انٹر کالجز مقابلوں کی اختتامی تقریب سے ڈاکٹر حسن محی الدین، سابق گورنر پنجاب غلام مصطفی کھر، جماعت اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری فرید پراچہ اور خرم نواز گنڈاپور نے خطاب کیا۔ تاہم تقریب کے مہمان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر الزمان کائرہ فلائٹ لیٹ ہونے پر تقریب میں تاخیر سے پہنچے۔

انہوں نے عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں خرم نواز گنڈاپور کے ہمراہ الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید بادشاہ آدمی ہیں کسی کی ذاتی خواہش پر کوئی تبصرہ نہیں کر سکتا تاہم پیپلز پارٹی ایم کیو ایم کو ایک سیاسی حقیقت سمجھتی ہے، جہاں تک جرائم کا تعلق ہے تو اس کا جواب ایم کیو ایم کو دینا ہے۔ ایم کیو ایم کسی ادارے کو نشانہ نہ بنائے جہاں مجرم ہونگے وہاں قانون نافذ کرنے والے ادارے جائینگے۔ آپریشن کا فیصلہ متفقہ ہے الطاف حسین تو فوجی آپریشن کی بات کرتے تھے یہ تو رینجرز کا آپریشن ہے، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری پڑھی لکھی نوجوان نسل کو پروان چڑھا رہے ہیں ان کا علمی، فکری کردار قابل تحسین ہے۔

غلام مصطفی کھر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دولت والوں کی سیاست کا خاتمہ دیکھ رہا ہوں، قانون قدرت ہے ایک جیسا منظر مستقل قائم نہیں رہتا۔

جماعت اسلامی کے رہنما فرید پراچہ نے کہا کہ ملک سے غربت، جہالت، دہشت گردی اور لوٹ مار کا نظام بدلنے کیلئے پڑھے لکھے مڈل کلاس اور لوئر مڈل کلاس کے لوگوں کو یکجان ہونا ہو گا۔

تقریب کے صدر ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے اول، دوئم اور سوئم آنے والے طلباء میں انعامات تقسیم کیے۔

شیخ رشید نے اپنے خطاب کے بعد اخبار نویسوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کئی دنوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوں، یہ مہینہ اور سال بڑا اہم ہے، نواز شریف رخصت ہوتے وقت کرپٹ لوگوں کو نوازتے ہیں، کینیڈا کے ہائی کمشنر کی تقرری اسی روایت کا حصہ ہے، پاکستانی سیاستدان اپنے کفن پر بھی جیبیں لگواتے ہیں۔ جھوٹے معاشرے میں سچ نہیں بکتا، تبدیلی تقریروں، تبصروں سے نہیں سڑکوں پر نکلنے سے آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ جنازہ اٹھانے کیلئے چار لوگ ضروری ہوتے ہیں اور وہ میری جماعت میں ہیں۔ پاکستان واحد ملک ہے جس کے سارے لیڈر 60 سال کی عمر سے اوپر ہیں۔

خرم نواز گنڈاپور نے قومی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو منہاج القرآن سیکرٹریٹ آنے پر خوش آمدید کہا۔ بزم منہاج کے منتظمین میں ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، کامران صدیق نوری، صابر حسین نقشبندی، الطاف سلطانی اور ذیشان طاہر شامل تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top