آئرلینڈ: منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام قائدڈے کا اہتمام
منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیراہتمام 20 فروری 2015 کو آئرلینڈ کے شہر پورٹ یغنی میں علی بابا ریسٹورنٹ میں ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی وتجدیدی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے سیمینار منعقد کیا گیا جس کی صدارت پیر غلام دستگیر نے کی۔
سیمینار کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ سعید نے حاصل کی جبکہ رضوان احمد طور نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے فرخ وسیم بٹ نے نقابت کے فرائض سرانجام دیئے اوراستقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے شیخ الاسلام کی ہمہ جہتی خدمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے جس مختصر وقت میں قرآن، حدیث، سائنس، روحانیت، معاشرت، حقوق، معاشیات اور ہزار ہا موضوعات پر کتب اور خطابات کے ذریعے امت مسلمہ کی راہنمائی کی وہ لائق تحسین اور قابل صد احترام ہیں۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے اہم اور متحرک رکن فیاض احمد نے شیخ الاسلام کے روحانی مقام اور مرتبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام کی ذات دور حاضر میں ہمارے لئے اللہ رب العزت کی نعمت ہیں۔ ایسی شخصیات صدیوں کے بعد دھرتی پر جنم لیتی ہیں اور تاریخ بدل کر رکھ دیتی ہیں۔
پیر غلام دستگیر نے شیخ الاسلام کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمیں بہت خوشی ہے کہ ہم عالم اسلام کی عظیم مصطفوی تحریک کے ساتھ منسلک ہیں اور اس کے بانی ہمارے قائد ہیں اور ہم ان کی 64 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ یہ وہ قائد ہے جس نے پوری دنیا میں مسلمانوں پر لگائے جانے والے دہشت گردی کے داغ کو 600 صفحات پر مشتمل فتوی دے کر دھویا ہے اور پوری دنیا کو اسلام کے اصل چہرہ محبت، امن اور باہمی رواداری سے روشناس کرایا ہے۔
پروگرام کے اختتام پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 64 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور ان کی تندرستی صحت اور لمبی عمر کے لئے دعا مانگی گئی، سیمینار کے اختتام پر جملہ شرکا نے اجتماعی طور پر درود پاک کا ورد کیا اور دعائے خیر سے اختتام ہوا۔ محفل کے بعد شرکاء کو لنگر پیش کیا گیا۔
رپورٹ: وسیم بٹ
تبصرہ