ناروے: منہاج سکول اوسلو کے زیراہتمام سالانہ تقریب تقسیم انعامات
منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو ناروے کے زیراہتمام اتوار 29 مارچ 2015 کو منہاج القرآن سکول اوسلو کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات اور مینا بازار کا انعقاد کیا گیا، جس میں اوسلو کے علاوہ ناروے کے دوسرے شہروں موس سکیڈسمو اور ڈرمن سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات اور بچوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پا ک، نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور قصیدہ بردہ شریف سے ہوا۔ پرنسپل منہاج سکول اوسلو علامہ صداقت علی قادری نے شرکاء کو منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے اور منہاج سکول اوسلو کی طرف سے خوش آمدید کہا اور تشریف آوری پر شکریہ ادا کیا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کی خوبصورت بلڈنگ کے دوسرے اور تیسرے ہال میں سجائے گئے مینا بازار میں مختلف سٹالز لگائے گئے تھے جس میں پاکستانی کھانوں میں دھی بھلے، چنا چاٹ، بریانی، کھیر، مٹھائیاں، سموسے، پکوڑے، نان تکہ پیزہ، وافلر، فروٹ، اور سبز چائے شامل تھے۔ بچوں کی کی دلچسبی کے لیے آرٹ شو کا بھی اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے شرکاء نے مینا بازار دیکھنے کے بعد خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دیار غیر میں منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے نے اپنے ملک کا ماحول فراہم کیا ہے، ایسا لگ رہا ہے کہ ہم اپنے ملک میں ہیں۔ بچوں کےلیے اس طرح کے مواقع فراہم کرنا بہت ضروری ہے جس سے وہ اپنے کلچر اور روایات سے روشناس ہو سکیں۔ مینا بازار میں مختلف انقلابی ترانے اور نغمے چلائے گئے۔
مینا بازار کے بعد منہاج سکول اوسلو کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات کا آغاز ہوا۔ تقریب کی صدارت منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کے نائب صدر محمد اصغر نے کی، جبکہ شرکاء میں منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کے ڈائریکٹر علامہ محمد اقبال فانی، محمد اقبال خان، منہاج سکول اوسلو کے پرنسپل علامہ صداقت علی قادری، منہاج القرٓان ویمن لیگ کی صدر عائشہ اقبال، منہاج سکول میں والدین کمیٹی کے صدر شاہد تنویر، قاری عبدلرحمان، سکول کے طلبہ اور ان کے والدین شامل تھے۔ سکول کے طلبہ نے تقاریر اور قومی و ملی نغمے پیش کیے۔ پرنسپل منہاج سکول اوسلو نے سکول کا رزلٹ اناوئنس کیا اور تمام پوزیشن ہولڈرز طلبہ، سٹودنٹس آف کلاس اور سٹودنٹ آف دی ائیر کا اعلان کیا ہوا، اور انہیں انعامات اور ٹرافیاں دی گئیں۔ سٹودنٹ آف دی ائیر کو لیپ ٹاپ کا خصوصی انعام دیا گیا۔ علامہ محمد اقبال فانی نے اظہار خیال کرتے ہوئے سکول کے سسٹم اور مستقبل میں مزید بہتری کے تجاویز پیش کیں۔ شرکائے تقریب میں بذریعہ قرعہ اندازی ایک عد د عمرے کا ٹکٹ بھی دیا گیا۔
پرنسپل منہاج سکول اوسلو علامہ صداقت علی قادری نے ایگزیکٹو، دیگر فورمز کے تمام ممبران خصوصاً منہاج سکول والدین کمیٹی کو مینا بازار اور تقریب کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور تمام ممبران کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مینا بازار اور پرگرام کے بہترین نظم ونسق اور اسے کامیاب بنانے کےلیے شاہد تنویر، عنبر خان، سمینہ اسحاق، خانزادہ طاہر خان، علامہ محمد اِقبال فانی، عائشہ اقبال اور منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو کی تنظیم، منہاج ویلفئیر، منہاج مصالحتی کونسل، منہاج یوتھ لیگ، منہاج ویمن لیگ، منہاج سسٹرز کےعہدداران نے خصوصی کاوشیں کیں۔
رپورٹ: قیصر محمود
تبصرہ