منہاج ویلفیئر اور المواخات کی طرف سے بیروزگاروں کیلئے سائیکلو وین کی تقسیم

المواخات اسلامک مائیکرو فنانس پراجیکٹ کی سرپرستی ڈاکٹر حسین محی الدین کر رہے ہیں
بیروزگاروں میں ملکیت کا اعتماد پیدا کرنا چاہتے ہیں، تقریب سے ڈاکٹر رحیق عباسی، حافظ غلام فرید، عبدالعمار منعم کا خطاب

لاہور (18 اپریل 2015) تحریک منہاج القرآن لاہور کی طرف سے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اور المواخات اسلامک مائیکرو فنانس کے مشترکہ تعاون سے منعقدہ خصوصی تقریب میں بیروزگاروں میں ’’سائیکلو وین‘‘ تقسیم کی گئیں۔ المواخات مائیکرو اسلامک فنانس پراجیکٹ فیڈرل کونسل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین کی سرپرستی میں چل رہا ہے۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر رحیق عباسی نے سائیکلو وین حاصل کرنے والوں اور تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بے سہارا افراد کو پاؤں پر کھڑا کرنا اور مجبوروں، مزدوروں اور مظلوموں کی مدد کرنا ہی ڈاکٹر طاہر القادری کی سیاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک سینکڑوں بیروزگاروں میں سائیکلو وین تقسیم کی جا چکی ہیں انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا ایک اہم پروجیکٹ’’ ہیلپ اینڈ فوڈ‘‘ کا بھی اجراء کیاجا رہا ہے، اس پروجیکٹ کے تحت غریب اور نادار خاندانوں میں خوراک تقسیم کی جائے گی۔ تقریب سے ڈائریکٹر پراجیکٹ المواخات عبدالعمار منعم، فرخ اسلام، اویس الرحمان، حافظ غلام فرید نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور پراجیکٹ کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔

عبدالعمار منعم نے کہا کہ المواخات کے بزنس ماڈل کو اسلامک ڈویلپمنٹ بنک جدہ نے ’’اے‘‘ ریٹنگ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیروزگاروں کو پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے چیرٹی اور ڈونیشن کے تصور سے ہٹ کر کام کر رہے ہیں ہم مدد کیلئے رجوع کرنے والوں کو اس احساس سے نکال رہے ہیں کہ انہیں کسی خیرات کی ضرورت ہے ہم قرض حاصل کرنے والوں میں ملکیت کا احساس اور اعتماد اجاگر کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ سندھ کے میڈیکل سٹورز سے شروع ہونے والا مائیکرو فنانس کا یہ سفر پنجاب کے بعد اب خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر تک پھیلایا جارہا ہے۔ مائیکرو فنانس کے نام پر چلنے والے سودی ادارے غربت ختم کرنے کی بجائے غربت میں اضافہ کا باعث بن رہے ہیں۔ المواخات اسلامک مائیکرو فنانس نے سود سے پاک اسلامک مائیکرو فنانس کا اجراء کیا ہے اس فلاحی منصوبہ سے ہر ضرورت مند، رنگ و نسل و مذہب کی تفریق کے بغیر استفادہ کر سکتا ہے رابطے کیلئے کسی سفارش کی ضرورت نہیں اور نہیں کوئی خفیہ چارجز ہیں۔ ناظم لاہور حافظ غلام فرید نے شرکاء اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

CycloVan distribution ceremony among jobless by Minhaj Welfare Foundation (MWF) as a part of Al-Muwakhat Islamic Micro Finance Project

Posted by Raheeq Abbasi on Saturday, April 18, 2015

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top