امام کعبہ کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں: منہاج القرآن علماء کونسل

کعبۃ اللہ پوری دنیا کے مسلمانوں کا مرکز سجود اور امام کعبہ تمام مسلمانوں کے امام ہیں :علامہ فرحت حسین شاہ
اس موقع پر حکومت اور دورہ کے منتظمین کو اتحاد بین المسلمین کے موضوع پر کانفرنس منعقد کرنی چاہیے تھی

لاہور (25 اپریل 2015) منہاج القرآن علماء کونسل کے صدر علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کہا ہے کہ امام کعبہ شیخ الخالد الغامدی کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ اہل پاکستان ان کی پاکستان آمد پر انتہائی مسرور ہیں۔ شیخ الخالد الغامدی اس کعبۃ اللہ کے امام ہیں جو دنیا بھر کے مسلمانوں کا مرکز سجود ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی عہدیدران کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ علامہ فرحت حسین شاہ نے کہا کہ ا مام کعبہ کے دورہ پاکستان کے منتظمین اور حکومت کو چاہیے تھا کہ وہ دہشت گردی اور فرقہ واریت کے خاتمہ اور اتحاد بین المسلمین کے موضوع پر کانفرنس منعقد کرتے اور تمام مکاتیب فکر کے علمائے کرام کو اس کانفرنس میں شریک کرتے اس سے پوری دنیا کو پیغام ملتا کہ عالم اسلام متحد اور یکجان ہے تاہم حکومت اور منتظمین نے ان کے دورہ پاکستان کے موقع پر ان کی مصروفیات ترتیب دیتے وقت بعض اہم باتوں سے صرف نظر کیا اور ان کے دورہ کا شیڈول اس طرح ترتیب دیا جیسے وہ کسی خاص مسلک کے امام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہمیشہ ایسے اہم مواقع پر بدحواسی کا مظاہرہ کرتی ہے اور قوم کو اکٹھا اور متحد ہونے کے مواقع ضائع کرتی ہے۔ وزارت مذہبی امور میں بھی خالی الذہن افراد کی بھرمار ہے، حکمرانوں کے اس رویے کے باعث فرقہ واریت اور دہشت گردی ناقابل تلافی نقصان پہنچا چکی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top