معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم زندہ معجزہ ہے جس کی تصدیق قرآن پاک نے کی: ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 16 مئی 2015ء

معجزہ سے انکار کرنے والے ابوجہل اور تصدیق کرنے والے سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کے لقب سے مشہور ہوئے
نماز سفر معراج کا تحفہ اورنجات کا راستہ ہے، امت اسے سینے سے لگا کررکھے، معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے پیغام
حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے سفر معراج کے ذریعے قیامت تک کیلئے کائنات کو علم و سائنس کے نئے راستے دکھائے‎

لاہور (16 مئی 2015ء) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مبارک موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم زندہ معجزہ ہے جس کی تصدیق کلام اللہ قرآن پاک نے بھی کی۔ معجزہ کی حقیقت سے انکار کرنے والے ابوجہل اور تصدیق کرنے والے سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کے لقب سے مشہور ہوئے۔ نماز محبت اور عظمت کے سفر معراج کا تحفہ ہے۔ امت مسلمہ اس عظیم تحفہ کو سینے سے لگا کر رکھے۔ نماز پنجگانہ نجات اور راحت کا راستہ ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ معجزات اللہ رب العزت کی قدرت کاملہ کا پرتو ہوتے ہیں اور معجزات سے اللہ اپنے بندوں کو صراط مستقیم دکھاتا ہے۔ اللہ نے امت کی قوت ایمانی کی آزمائش اور انبیاء کے دعویٰ نبوت کی صداقت کیلئے انہیں معجزات سے نوازا اور تمام معجزات ملکر بھی معجزہ معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عالمگیریت اور حقانیت کو نہیں پہنچ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ واقعہ معراج کے ظہور پذیر ہونے کے بعد عالم کفر نے سوالات کے پہاڑ کھڑے کیے اور اہل ایمان کے ایمان کو متزلزل کرنے کی جسارت کی مگر پیغمبر خدا کے ذریعے توحید کی سچائی پا لینے والے قلوب کو تشکیک کی نذر کرنا محض عالم کفر کی بچگانہ خواہش تھی کیونکہ اہل ایمان کیلئے زبان اقدس سے نکلا ہوا ہر حرف، حرف آخر ہے۔ واقعہ معراج کا تعلق ایمان، ایقان اور وجدان سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے سفر معراج کے ذریعے قیامت تک کیلئے کائنات کو علم و سائنس کے نئے راستے دکھائے مگر بدقسمتی سے امت محمدی جس پر پہلا حرف ’’اقراء‘‘ کا نازل ہوا وہ آج جہالت، انتہا پسندی، کم علمی کے اندھیروں میں غرق ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top