ماہ شعبان نفرت، کدورت کو ختم کرنے، اجتماعی توبہ اور اللہ کو راضی کنے کا مہینہ ہے: فرحت حسین شاہ
شب برات میں اللہ رب العزت انسانیت کو گناہوں کے بوجھ سے آزاد
کرتے ہیں
منہاج القرآن علماء کونسل کی مرکزی مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب
لاہور (20 مئی 2015) منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی ناظم علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کہا ہے کہ ماہ شعبان بخشش و مغفرت کا مہینہ ہے، اس بابرکت مہینے میں آنیوالی شب برات میں اللہ رب العزت توبہ کرنے وال کو گناہوں کے بوجھ سے آزاد کرتے ہیں۔ شعبان کا مبارک مہینہ نفرت، کدورت کو ختم کرنے اور معافی، نرمی اور خوشیاں تقسیم کرنے کا مہینہ ہے۔ اس مہینے میں ہمیں ایک دوسرے کے گلے شکوے ختم کر کے معاف کرنا چاہیے۔ لوگوں کو معاف کرنے سے اللہ تعالیٰ ہمیں معاف کرے گا۔ وہ منہاج القرآن علماء کونسل کی مرکزی مشاورتی کونسل کے اجلاس سے مرکزی سیکرٹریٹ میں خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر علامہ امداد اللہ قادری، علامہ میر آصف اکبر، علامہ عثمان سیالوی، علامہ محمد حسین آزاد، علامہ ممتاز صدیقی و دیگر بھی موجود تھے۔
علامہ فرحت شاہ نے کہا کہ برے اعمال کی وجہ سے پاکستانی قوم دہشت گردی کے عذاب سے دو چار ہے، مذہب کو دنیا کمانے کا ذریعہ بنانے کا نتیجہ ہے کہ آج انتہا پسندی اور دہشتگردی نے امن و سکون غارت کر رکھا ہے، امن کی بحالی کیلئے علمائے کرام کو قرآن و سنت کی حقیقی تعلیم کو عام کرنا ہوگا اور دین محمدی کے محبت اور رواداری والے پیغام کو عام کرنا ہو گا، انہوں نے کہا کہ صرف علمائے کرام ہی اپنے کردار سے معاشرہ کو دہشتگردی اور انتہا پسندی سے پاک کر سکتے ہیں، ماہ شعبان اجتماعی توبہ اور اللہ کو راضی کرنے کا مہینہ ہے۔
تبصرہ