گیس سیس بل کی منظوری افسوسناک اور مفاد عامہ کے خلاف ہے، عوامی تحریک

مورخہ: 20 مئی 2015ء

پیپلز پارٹی نے حکومت کا ساتھ دے کر اپنے اپوزیشن کے مینڈیٹ کی بھی توہین کی‎
حکومت جعلی اکثریت کے بل بوتے پر اسمبلی بزنس بلڈوز کر رہی ہے، رہنماء‎

پاکستان عوامی تحریک کے راہنماؤں بشارت جسپال، مشتاق نوناری ایڈووکیٹ اور عمر ریاض عباسی نے گیس سیس بل کی منظوری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا خون نچوڑنے کیلئے حکومت نے پارلیمنٹ کا فلور استعمال کیا اور بل کی منظوری سے ثابت ہو گیا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، پیپلز پارٹی نے حکومت کا ساتھ دے کر اپوزیشن کے مینڈیٹ کی بھی توہین کی۔ پیپلز پارٹی کو بحیثیت اپوزیشن بل کی مخالفت کرنی چاہیے تھی اور ماضی میں یہی بل پارلیمنٹ کے فلور پر لانے کے گناہ کا ازالہ کرنا چاہیے تھا لیکن لگتا ہے پیپلز پارٹی نے یہ فیصلہ کر لیا ہے کہ اگر ن لیگ کے اپنے اراکین اسمبلی بھی حکومت کا ساتھ چھوڑ دیں گے تو وہ حکومت کا ساتھ نہیں چھوڑے گی۔ بشارت جسپال نے کہا کہ گیس سیس بل آئی ایم ایف کے حکم پر منظور ہوا، بل کے ذریعے تیل کی قیمتوں میں عالمی سطح پر ملنے والے ریلیف سے عوام اور انڈسٹری محروم ہو گی اوراس بل کی منظوری سے ن لیگ کی حکومت کی نام نہاد عوام اور صنعت دوستی بھی بے نقاب ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ گیس سیس بل مفاد عامہ کے خلاف ہے اسے عدالت میں چیلنج کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ رہنماؤں نے مزید کہا کہ ن لیگ اپنی جعلی اکثریت کے بل بوتے پر اسمبلی کا بزنس بلڈوز کر رہی ہے۔‎

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top