ناروے: منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو کے زیراہتمام سالانہ معراج النبی (ص) کانفرنس کا انعقاد

مورخہ: 15 مئی 2015ء

ہر سال کی طرح امسال بھی مورخہ 15 مئی 2015ء بروز جمعہ شام سات بجے منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو ناروے کے زیراہتمام سالانہ عظیم الشان معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں کثیر تعداد میں شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے شرکت کی۔ اوسلو کے علاوہ ناروے کے دوسرے شہروں Skedsmo اور Drammen سے بھی کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی جس کی وجہ سے مسجدکا وسیع و عریض خوبصورت ہال شرکاء سے بھرا ہوا تھا۔ کانفرنس کے مہمانان گرامی میں گلوبل ایمبیسیڈر آف منہاج القرآن علامہ محمد صادق قریشی، محمد غالب لاہوری، علامہ قاری اسرار احمد نقشبندی امام و خطیب مسلم سینٹر فیورسٹ نے شرکت کی۔

کانفرنس کا باقاعدہ آغاز قاری اویس نجم ثاقب کی دلسوز آواز میں تلاوت قرآن پا ک سے کیا گیا۔ اس کے بعد آقا کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں منہاج سکول اوسلو کے ہونہار طالب علم یاسین سعید اور ناروے کے مشہورو معروف نعت خواں قاری عبدلمنان اور ہارون قیوم صدر منہاج نعت کونسل نے نہایت ہی پرسوز آواز میں نعت خوانی کی اور آقا کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں جھوم جھوم کر درودوسلام کے نذرانے پیش کیے۔

یو کے سے تشریف لائے ہوئے مذہبی گلوبل ایمبیسیڈر آف منہاج القرآن علامہ محمد صادق قریشی نے معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر خصوصی خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا مقصد آقا کریم کے بلند مقام کو لوگوں پر آشکار کرنا تھا۔ انہوں نے معراج کے مختلف معانی و معارف بیان کرنے سا تھ ساتھ سفر معراج کو تفصیل سے بیان کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر امت مسلمہ دوبارہ عروج چاہتی ہے تو اسے آقا کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تعلق جوڑنا ہوگا، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کو اپنانا ہوگا اور موجودہ صدی میں یہ کام تحریک منہاج القرآن احسن انداز میں کر رہی ہے۔ بانی تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری پوری دنیا میں امت مسلمہ کا اللہ اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ٹوٹے تعلق کو دوبارہ جوڑنے اور استوار کرنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، انہوں نے تمام شرکاء کو تحریک منہاج القرآن میں شمولیت کی دعوت دی۔ منہاج یوتھ نے ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی علامہ محمد صادق قریشی کے خطاب کا احسن انداز میں پروجیکٹر کے ذریعے لائیو نارویحن زبان میں ترجمہ کیا جس کوشرکاء خصوصا یوتھ نے بہت پسند کیا۔ محفل میں نقابت کے فرائض علامہ صداقت علی قادری پرنسپل منہاج سکول اوسلو اور علامہ محمد اقبال فانی ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے نےسر انجام دیے۔

اعجازاحمد وڑائچ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ ہمیشہ کی طرح یہ کانفرنس بھی ہر حوالے سے کامیاب تھی اور کانفرنس میں بہترین نطم و ضبط اس کی انفرادیت تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو ناروے میں معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا بھرپور اہتمام کیا گیا جن میں کثیرتعداد میں لوگ نے شرکت کی۔ انہوں نے ایگزیکٹو اور دیگر جملہ فورمز کے تمام ممبران کو کانفرنس کی کامیابی کی مبارکباد دی اور تمام ممبران کا شکریہ ادا کیاکہ انہوں دن رات محنت کر کے کانفرنس کو کامیاب بنایا۔

کانفرنس کا اختتام علامہ محمد صادق قریشی کی خصوصی دعا سے ہوا۔ دعا کے بعد شرکاء کانفرنس کے لیے بہترین ضیافت میلاد کا اہتمام کیاگیا۔ کانفرنس کے انتظام و انصرام میں منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کی انتظامیہ اور دیگر جملہ فورمز جن میں منہاج ویمن لیگ ناروے، منہاج یوتھ لیگ، منہاج سسٹرز، منہاج ویلفیئر اور منہاج مصالحتی کونسل نے اہم کردار ادا کیا۔

رپورٹ: قیصر محمود

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top