ڈنمارک: منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام معراج النبی (ص) کانفرنس

مورخہ: 17 مئی 2015ء

کوپن ہیگن: منہاج القرآن ویمن لیگ و ایم ایس ایم سسٹرز ڈنمارک کے زیراہتمام 17 مئی 2015 کو عظیم الشان معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، یہ کانفرنس پہلی بار ایک شادی ہال میں منعقد کی گئی جس میں 800 خواتین نے شرکت کی۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کی خصوصی دعوت پر عالمی شہرت یافتہ نعت خواں محترمہ ام حبیبہ شکاگو سے تشریف لائیں اور اپنی پرسوز اور خوبصورت آواز میں تلاوت قرآن پاک، حمد باری تعالیٰ اور آقا علیہ السلام کی بارگاہ اقدس میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔

کانفرنس کی مہمان خصوصی صدر منہاج ویمن یورپین کونسل محترمہ سمیرا فیصل نے معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوع پر مدلل خطاب کیا۔ انہوں نے سفر معراج کی حکمتوں پر روشی ڈالی اور بتایا کہ اللہ رب العزت نے اپنے حبیب مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اس وقت اپنی ملاقات کا شرف بخش کر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ہمت و ڈھارس بندھائی جب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنی زوجہ محترمہ حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا اور حضرت ابو طالب رضی اللہ عنہ کی وفات سے انتہائی غمزدہ تھے۔ انہوں نے مزید یہ کہا کہ سفر معراج سے حضرت موسی علیہ السلام کی دعا کو بھی قبولیت حاصل ہوئی جو انہوں نے اللہ تعالیٰ کو اپنا دیدار کرانے کے لیے کی تھی۔ 50 نمازیں کم کرانے کے بہانے حضرت موسی علیہ السلام حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں اپنے رب کی جھلک دیکھتے رہے اور آخر میں امتِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو 5 نمازوں کا تحفہ عطا ہوا۔ انہوں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے اغراض و مقاصد پر بھی روشنی ڈالی اور حاضرین کو مشن میں شامل ہونے کی بھرپور دعوت دی۔

کانفرنس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب کا سٹال لگایا گیا، جس سے بڑی تعداد میں خواتین نے استفادہ کیا۔ کانفرنس میں قرعہ اندازی کے ذریعے خواتین میں لندن کے دو ریٹرن ٹکٹس اور مختلف گفٹ واؤچرز تقسیم کیے۔ اس موقع پر مہمان خصوصی محترمہ اُمِ حبیبہ کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تصنیف ’’المعارج السنن‘‘ اور ’’دہشت گردی اور فتنہ خوارج‘‘ کا تحفہ پیش کیا گیا۔

ایم ایس ایم سسٹرز کی صدر سمیرہ راجہ نے تمام شرکاء اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ کانفرنس میں نقابت کے فرائض ڈنمارک میں دعوت و تربیت کی ناظمہ نفیس فاطمہ نے انجام دیئے۔ پروگرام کا اختتام سمیرا فیصل کی خصوصی دعا سے ہوا جس کے بعد شرکاء کے لیے کھانے کا خصوصی انتظام و انصرام کیا گیا۔

رپورٹ: ڈاکٹر شبانہ احمد

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top