ہالینڈ: منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام پاکستانی نوجوانوں کے لیے عشائیہ کی تقریب
منہاج القرآن انٹرنیشنل دی ہیگ کے زیراہتمام پاکستانی نوجوانوں کے لیے عشائیہ کی تقریب کا اہتمام دی ہیگ کے مقامی لاثانی ریسٹورنٹ میں کیا گیا جس میں دی ہیگ، روٹرڈیم اور دیگر شہروں سے نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر عمر مرزا نے تمام دوستوں کو خوش آمدید کہا جس کے بعد استاد تسنیم صادق نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے حاضرین کو اس ملاقات کے بارے میں تفصیلاً آگاہ کیا جس کا بنیادی مقصد ہالینڈ میں مقیم نوجوانوں کو ایک دوسرے کے قریب لانا ہے، تاکہ نوجوانون آپس میں مل کر ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ مند ہو سکیں اور اپنے تجربات کو بانٹ سکیں۔
عظیم حسین جاوا جو کہ حال ہی میں عمرہ کی سعادت حاصل کر کے آئے ہیں نے اپنے سفر عقیدت کے متعلق دوستوں کو بتایا اور اپنی روحانیت سے بھرپور خوشی کو دوستوں کے ساتھ بانٹا۔ ان کے علاوہ دیگر دوستوں نے بھی اپنی تعلیم اور دیگر اپنے نجی کاموں اور کاروباری مصروفیات کے بارے میں اپنے تجربات سے آگاہی فراہم کی۔ تمام نوجوانوں نے اس نیک عمل کو بہت سراہا اور اس کو بہت خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایسے اقدامات سے پاکستان نژاد نوجوانوں میں مزید تعلقات بڑھانے کا موقع فراہم ہوگا اور اپنے وطن سے محبت کو اجاگر کرنے میں مدد بھی فراہم کرے گا۔ اس خلوص ماحول میں ملاقات سے نوجواں بہت محظوظ ہوئے اور دوبارہ ملنے کی امید پر ایک دوسرے سے اجازت طلب کی۔
رپورٹ: راجہ سجاد حیدر
عکاسی: فیصل مرزا
تبصرہ