بجٹ کی حقیقت ہاتھی کے دانت جیسی ہے کھانے کے اور دکھانے کے اور : ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 05 جون 2015ء

اصل بجٹ اس بجٹ کی منظوری کے بعد آئے گا، سربراہ پاکستان عوامی تحریک
حکمرانوں نے عوام کو بیرونی قرضوں اور سود کے شیطانی جال میں جکڑ دیا، ڈاکٹر رحیق عباسی کا بجٹ پر ردعمل

لاہور (5 جون 2015) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے بجٹ پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ بجٹ کی حقیقت ہاتھی کے دانت جیسی ہے کھانے کے اور دکھانے کے اور، اصل بجٹ اس بجٹ کی منظوری کے بعد آئے گا، جب تک یہ حکومت مسلط ہے غیر ملکی قرضوں اور سود سے جان نہیں چھوٹے گی، گزشتہ سال کے بجٹ کی طرح موجودہ بجٹ بھی آئی ایم ایف کے قرضوں پر بنایا گیا، بجٹ سے پاکستان کے عوام نہیں آئی ایم ایف کی امیدیں وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے تعلیم، صحت، بلدیاتی انتخابات، انصاف کی بجائے سڑکوں، پلوں پر قیمتی وسائل خرچ کرنے کی منصوبہ بندی بنارکھی ہے، انہوں نے کہا کہ سڑکوں، سیمنٹ اور سریے کے استعمال سے قومیں اور معاشرے پروان نہیں چڑھتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بجٹ سے پاکستان کے عوام کی کوئی دلچسپی نہیں، البتہ آئی ایم ایف اور عالمی مالیاتی اداروں کو ضرور دلچسپی تھی کیونکہ انہوں نے اپنے قرضے سود سمیت واپس لینے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کم سے کم اجرت 13 ہزار مقرر کرنا سنگین مذاق ہے، اسحاق ڈار 13 ہزار میں کسی غریب کے گھر کا بجٹ بنا کر دکھائیں انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی کم ہونے والی قیمتوں کی وجہ سے حکومت کو جو ریلیف ملا تھا افسوس ان نااہل حکمرانوں نے ا س سے فائدہ نہیں اٹھایا اور نہ ہی ریلیف عوام کی طرف منتقل کیا۔ مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے بجٹ پر اپنے ردعمل میں کہا کہ 7سال سے بھاشا ڈیم پر سیاست ہورہی ہے یہ حکمران پانی سے بجلی پیدا کیے جانے کے منصوبے بنانے میں کبھی دلچسپی نہیں لینگے کیونکہ ان منصوبوں سے حکمرانوں کو کمیشن نہیں ملے گی اس لیے یہ سولر، تھرمل اور کوئلے کے منصوبے لگارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح پچھلے سال کوئی ہدف پورا نہیں ہوا اسی طرح آئی ایم ایف کا بنایا ہوا یہ بجٹ بھی عوام کو مہنگائی، قرضوں اور سود کے تحفے دے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی معاشی ٹیم نے پاکستان کو غیر ملکی بنکوں کے قرضوں اور سود کے شیطانی جال میں جکڑا، جب تک یہ مسلط ہیں پاکستان کبھی اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کی نسبت موجودہ سال اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں 30فیصد اضافہ حکومت اور اس کے نام نہاد بجٹ کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top