بریڈفورڈ: سانحہ ماڈل ٹاؤن پر JIT رپورٹ بداعتمادی کا شکار ہے، ڈاکٹر حسن محی الدین کا تنظیم نو کی تقریب سےخطاب

مورخہ: 08 جون 2015ء

بریڈفورڈ (8 جون 2015) منہاج القرآن انٹرنیشنل سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ نام نہاد جے آئی ٹی کی رپورٹ بداعتمادی کا شکار ہے کیونکہ بدنام زمانہ رپورٹ آنے کے بعد بھی جے آئی ٹی کی جانب سے ہمارے چالیس افراد کو مختلف شہروں سے بذریعہ خط گواہی کے لئے طلب کیا گیا ہے، وہ بریڈ فورڈ میں منہاج القرآن برطانیہ کی تنظیم نو کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ منہاج القرآن کے کارکنوں نے قربانی کی جو مثال قائم کی ہے اس کو پاکستان کی تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا، جبکہ قاتل حکمرانوں کو اس وقت تک ان بے گناہوں کے خون سے چھٹکارا حاصل نہیں ہو گا جب تک وہ خود کو عدل و انصاف کے تقاضوں کے مطابق پیش نہیں کر دیتے۔

امۃ مسلمہ کی حالتِ زار پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطٰی سے برما تک خونِ مسلم پانی کی طرح بہایا جا رہا ہے اور مسلمان حکمران اس قتل و غارتگری کو رکوانے میں ناکام نظر آتے ہیں۔ کرپٹ اور بد دیانت قیادت عوام کے جان و مال کے تحفظ اور حقوق کے لیے کبھی آواز بلند نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا منہاج القرآن نے ہمیشہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں وقت کے یزیدوں کو للکارا ہے خواہ ان کاتعلق اندرونِ ملک سے ہو یا بیرونی دنیا سے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے دہشت گردی کے خلاف فتویٰ میں خوارج کی تاریخ اور ان کے کردار کو جس طرح دنیا کے سامنے لایا، وہ ان کی علمی و تحقیقی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ نوجوان نسل کو انتہاء پسندی اور دہشت گردی سے دور رکھنے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کا سلیبس متعارف کروایا جا رہا ہے، جسے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے تربیت یافتہ سکالرز مختلف کالجوں، یونیورسٹیوں، سکولوں، مساجد اور مدارس میں جا کر نئی نسل تک پہنچائیں گے تاکہ جہاد کے نام پر ہونے والے فساد کا قلع قمع کیا جاسکے۔

اجلاس میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف قراردادِ مذمت منظور کرتے ہوئے اقوام متحدہ، او آئی سی اور مسلم ممالک کے سربراہان سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا گیا۔

منہاج القرآن برطانیہ کی تنظیم نو کرتے ہوئے آئندہ دو سال کے لیے ایڈووکیٹ سید علی عباس بخاری کو منہاج القرآن برطانیہ کا صدر اور معظم رضا کو سیکرٹری جنرل منتخب کیاگیا۔ دیگر عہدیداروں میں شاہد اقبال، عاصم، عبدالقدیر، رضوان رحمٰن، احمد نواز، تنویر پاشا، علامہ شاہد بابر، عثمان نذیر، ڈاکٹر رفیق حبیب، علامہ ذیشان قادری، ڈاکٹر زاہد اقبال، عباس عزیز، آصف حبیب، علامہ صادق قریشی اور علامہ محمد افضل سعیدی شامل ہیں۔

تنظیمِ نو کی تقریب سے تحریک منہاج القرآن برطانیہ کے امیر ظہور احمد نیازی، علامہ اشفاق عالم قادری، فاطمہ مشہدی، مسرت حسین، عثمان ریاض، یاسمین حسین اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

The Company of #DrQadri

A brief extract from Dr. Hassan Mohiuddin Qadri's speech at the "General Council Meeting" in Bradford

Posted by Dr. Hassan Mohiuddin Qadri on Sunday, June 7, 2015

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top