شہر اعتکاف میں مقابلہ حسن قرات ایرانی قراء کے دلنشیں انداز نے سماں باندھ دیا

سمجھ کر کلام اللہ کی تلاوت کی جائے تو ہماری زندگیوں میں مصطفوی انقلاب آ جائے : ڈاکٹر حسن محی الدین
پورے پاکستان سمیت امریکہ اور یورپ سے بھی مسلمان اعتکاف بیٹھنے کیلئے شہر اعتکاف آئے ہیں

Press Release

لاہور (11 جولائی 2015) تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام منعقدہ شہر اعتکاف میں ایران سے آئے ہوئے قراء حضرات نے گزشتہ رات ہزاروں معتکفین کے سامنے انتہائی دلنشیں انداز میں قرآن پاک کی تلاوت کر کے سماں باندھ دیا اور والہانہ داد وصول کی۔ مقابلہ حسن قرات میں قاری امین رحیمی، قاری حسن مبارکی، قاری محمد رضا رحمانی، قاری صادق بہشتی نے شرکت کی۔ قرات کی محفل کے مہمانان خصوصی، منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین اور فیڈرل کونسل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین القادری تھے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین نے اس موقع پر مختصر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک نزول قرآن کا مہینہ ہے۔ اس مبارک مہینے میں سمجھ کر زیادہ سے زیادہ قرآن پاک کی تلاوت کی جائے اور اللہ کے پاک کلام سے ہدایت اور رہنما لی جائے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن اللہ کا کلام ہے۔ ہم دنیا بھر کی زبانوں کو سیکھنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگاتے رہتے ہیں مگر قرآن اور جنت کی زبان عربی کو سیکھنے کی کوشش نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم مسلمان عربی زبان کو سیکھ کر قرآن پاک کی تلاوت کریں تو ہماری زندگیوں میں مصطفوی انقلاب برپا ہو جائے اور ہماری دنیا اور آخرت بھی سنور جائے۔ انہوں نے کہا کہ دینی تعلیم سیکھنے اور سکھانے والا اللہ اور اس کے رسول کے نزدیک ایک بہترین انسان ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن پاک کو ترجمہ کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر پڑھیں تو ہمیں پتہ چلے گا کہ اللہ تعالیٰ اپنے بندے سے کیا چاہتا ہے۔ انہوں نے معتکفین سے کہا کہ وہ خوش قسمت لوگ ہیں کہ جنہیں اللہ تعالیٰ نے اپنا مہمان بنایا اور انہیں یہ توفیق دی کہ وہ اسلام اور پیغمبر اسلام کی تعلیمات کے متعلق کچھ جان اور سیکھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے زیر اہتمام شہر اعتکاف تعلیم و تربیت سیکھنے اور سکھانے کا پوری ملت اسلامیہ کو بہترین ماحول اور پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے۔ امسال بھی پاکستان کے چپے چپے سمیت دنیا بھر سے مسلمان شہر اعتکاف میں مقیم ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top