تاریخ عالم کا سب سے بڑا پیغام انقلاب قرآن کی صورت میں نازل ہوا: ڈاکٹر طاہرالقادری
پاکستان 27 رمضان کا تحفہ ہے، آج کی رات اسے دہشتگردی،
سیاسی و مذہبی انتہا پسندی سے پاک کرنیکا عزم کریں
منہاج القرآن کے عالمی روحانی اجتماع میں اندرون وبیرون ملک سے ہزاروں معتکفین اور
افراد کی شرکت
رقت آمیز مناظر، پاکستان کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا، شہدائے ماڈل ٹاؤن کے لواحقین اور
اسیران انقلاب کی بڑی تعداد میں شرکت
لاہور (14 جولائی 2015) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے 27 رمضان المبارک کے موقع پر بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ عالم کا سب سے بڑا پیغام انقلاب قرآن پاک کی صورت میں نازل ہوا جس کا ہر حرف قیامت تک کیلئے ذریعہ نجات اور چشمہ ہدایت و رہنمائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عظیم اسلامی سلطنت بھی آج کی مقدس رات کا تحفہ ہے۔ آئیے سب ملکر آج کی برکتوں سے مالا مال رات اپنے اس عہد کو دہرائیں کہ پاکستان کو دہشتگردی، مذہبی و سیاسی انتہاپسندی سے پاک کر کے اسے حقیقی معنوں میں اسلام کا قلعہ اور مدینہ کی فلاحی ریاست کے قالب میں ڈھالیں گے اور اسے دہشتگردوں، انتہا پسندوں، اسلام اور اللہ کے دشمنوں سے پاک کر کے آئندہ نسلوں کیلئے علم اور امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ ایسا پاکستان جس میں ہر شہری کو بلارنگ و نسل معاشی، سماجی تحفظ حاصل ہو اور پوری دنیا اس ماڈل اسلامی ریاست پر رشک کرے۔
27 رمضان المبارک کے اس عظیم عالمی روحانی اجتماع میں ہزاروں معتکفین کے علاوہ اندرون و بیرون ملک سے ہزاروں کی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔ بغداد ٹاؤن شہر اعتکاف کو رنگارنگ برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا۔ روحانی اجتماع میں شہدائے ماڈل ٹاؤن کے لواحقین، اسیران انقلاب و زخمیوں کی بڑی تعداد نے جوش و خروش سے شرکت کی۔ خصوصی ٹی وی سکرینوں کے ذریعے ہزاروں کی تعداد میں معتکف خواتین نے بھی ڈاکٹر طاہرالقادری کا خطاب براہ راست سنا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کے خطاب کو براہ راست دکھانے کیلئے پاکستان سمیت دنیا بھر میں 700سے زائد مقامات پر خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ ادارہ منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کی طرف سے شرکاء کی حفاطت کیلئے سکیورٹی کے انتظامات کیے گئے تھے۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلمانوں کفران نعمت ترک کردو، دستیاب نعمتوں پر اللہ کا ان گنت شکرادا کرو، کمزوروں کا خیال رکھو، انصاف سے کام لو، ضرورت مندوں کی دستگیری کرو، تکبر سے بچو، صادق اور امین بنو، قرآن کی آفاقی تعلیمات پر عمل کرو اور عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنے سینوں کو منور کرو، اللہ کو راضی کرنے کا یہی نسخہ کیمیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 27 رمضان المبارک کا تحفہ ہے اور آزادی تمام نعمتوں کی ماں ہے، اس کی حفاطت کرو، ایسے تمام برے افعال، ناپسندیدہ اعمال اور منفی رویوں سے دور رہو جس سے آزادی کے سلب ہونے کا احتمال ہو۔ پاکستان سے اس لیے بھی پیار کرو کہ یہ لا الہ الا اللہ کے نعروں کی گونج میں حاصل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آج کی مقدس رات اللہ رب العزت سے دست بستہ دعا ہے کہ وہ ہمیں دہشتگردی اور انتہا پسندی کے فتنے سے بچائے اور دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے جدوجہد کرنے والے ہر ذی نفس کی حفاظت اور غائبانہ مدد کرے اور انہیں عظیم مقاصد کے حصول میں کامیاب کرے خواہ ایسے افراد کا تعلق فورسز سے ہے یا سول سوسائٹی سے، خواہ کوئی بندوق سے لڑرہا ہے یا قلم سے، اللہ تعالیٰ ایسے تمام طبقات اورافراد کی حفاظت کرے۔
تبصرہ