ایڈمنسٹریٹرز مقرر کر کے بلدیاتی اداروں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا گیا، ڈاکٹر طاہرالقادری

ڈاکٹر طاہرالقادری کا بلدیاتی ورکرز کنونشن سے خطاب
عوامی تحریک گلی محلے سے قومی لیڈر شپ پیدا کر کے لٹیروں کو ایوانوں سے نکالے گی
نام نہاد جمہوری جماعتوں نے عوام کو قومی وسائل اور ریاستی اختیارات میں حصہ دار نہیں بننے دیا
سربراہ عوامی تحریک کا بلدیاتی ورکرز کنونشن سے خطاب، خواتین سمیت بلدیاتی امیدواروں کی بڑی تعداد میں شرکت

لاہور (26 جولائی 2015) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے عظیم الشان بلدیاتی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایڈمنسٹریٹرز مقرر کر کے بلدیاتی اداروں کے وسائل کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا گیا، عوامی تحریک گلی محلے سے قومی لیڈر شپ پیدا کر کے لٹیروں کو ایوانوں سے نکالے گی، عوام کو بلدیاتی اداروں اور ووٹ کے آئینی استعمال کے حق سے محروم کرنے والے عوام اور جمہوریت کے دشمن ہیں۔ نام نہاد جمہوری جماعتوں نے عوام کو قومی وسائل اور ریاستی اختیارات کے استعمال میں حصہ دار نہیں بننے دیا۔

ورکرز کنونشن میں سنیئر رہنماؤں مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی، عامر فرید کوریجہ، شیخ زاہد فیاض، میجر (ر) محمد سعید، راجہ زاہد، عارف چودھری، حاجی فرخ، حفیظ اللہ جاوید، افضل گجر، حافظ غلام فرید، الطاف رندھاوا، عطیہ بنین نے شرکت کی۔ بلدیاتی ورکرز کنونشن میں خواتین سمیت بلدیاتی امیدواروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے عوام ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کے امیدواروں کو مسترد کردیں۔ عوامی تحریک غریب عوام، مزدور اور کسان کی جنگ لڑ رہی ہے، ن لیگ قبضہ مافیا، منی لانڈرز، مہنگائی مافیا اور ذخیرہ اندوزوں کی محافظ جماعت ہے۔ انہوں نے کہاکہ انتخابی مہم کے دوران خواتین کو بتائیں کہ ن لیگ نے انکی نشستیں کم کردیں اور اقلیتوں کو بتائیں کہ ن لیگ نے ان سے براہ راست انتخاب کا حق چھین لیا۔ عوام کو بتائیں کہ ن لیگ کے بلدیاتی امیداروں کے اختیار چھین لئے گئے اور عوام کو باور کرائیں کہ عوامی تحریک کے امیدوار بلدیاتی اداروں کے اختیارات اور اس کا آئینی وقار کو بحال کریں گے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ایڈمنسٹریٹر مقرر کر کے بلدیاتی اداروں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا اور گراس روٹ پر عوام کے مسائل میں کئی گنا اضافہ کر دیا، انہوں نے کہا کہ عوام بلدیاتی اداروں اور بلدیاتی نظام کے دشمنوں کو ووٹ نہیں دیں گے۔ پنجاب حکومت نے آئین کے آرٹیکل 140-A کے خلاف آرڈیننس جاری کر کے آئین کی صریح خلاف ورزی کی۔ آرڈیننس کے ذریعے بلدیاتی اداروں کے اختیارات چھین لئے گئے اور بلدیاتی نظام کو آدھا تیتر آدھا بٹیر بنا دیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک بلدیاتی امیدواروں کے ذریعے قومی لیڈر شپ متعارف کروائے گی، ہمارے امیدوار انقلاب کے سپاہی بن کر بلدیاتی اداروں کو عوام کے داد رسی سیل میں تبدیل کریں گے اور ان اداروں کی لوٹی گئی پائی پائی لٹیروں سے برآمد کریں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top